متھالی راج 2021 کا ورلڈ کپ کھیلنے کی خواہاں

   

نئی دہلی۔2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی خاتون ونڈے کرکٹ ٹیم کی کپتان متھالی راج نے کہا ہے کہ وہ 2021 ویمنس ورلڈ کپ میں سینئر ٹیم کی نمائندگی کرنے کے لئے پر اعتماد ہیں۔36 سالہ راج نے کہا کہ وہ چاہتی ہیں ہندوستانی ٹیم 2005 اور 2017 خواتین ورلڈکپ میں دو مرتبہ رنر اپ رہنے کے بعد 2021 کے آئندہ ورلڈکپ میں ایک قدم اور آگے بڑھے۔متھالی راج نے کہاکہ 2017 ورلڈ کپ کے بعد ہندوستان کی ٹیم ونڈے میچوں میں اچھی کارکردگی دیکھا رہی ہے۔6 سیریز میں سے ہم نے 5 سیریز جیتی ہیں تو مجھے لگتا ہے، یہ قابل اعتماد ہے۔ورلڈ کپ کے بعد ہمیں جو رفتار ملی ہے، اسے دیکھتے ہوئے میں نے خود کو 2021 ورلڈ کپ کھیلتا ہوا دیکھتی ہوں۔ متھالی راج نے کہاکہ میں ہندوستان کو نمبر 1 کے طور پر دیکھنا چاہتی ہوں۔ یاد کیا کہ 2005 میں ان کی قیادت والی ٹیم نے ورلڈ کپ میں رنر اپ رہنے پر خواتین ٹیم پر شاید ہی میڈیا کی توجہ گئی لیکن 2017 ورلڈ کپ کے بعد ملنے والی نیک خواہشات سے وہ حیران ہوئی ۔ کپتان نے کہاکہ 2017 ورلڈ کپ میں پہلے کھیل سے لے کر فائنل تک بہت سے لوگوں نے ہمارا ساتھ دیا،میڈیا اور سوشل میڈیا پر لوگوں نے جس طرح سے ہماری حمایت کرتے رہے ، اس کے لئے آپ کا شکریہ،جب ہم ہندوستان واپس آئے، تو ایرپورٹ سے 100 میٹر چلنا بھی مشکل تھا، کیونکہ بہت سے لوگ جمع ہوئے تھے،2005 اور 2017 ورلڈ کپ کے درمیان بہت فرق دیکھنے کو ملا۔ہندوستانی کپتان متھالی راج 200 ونڈے میچ کھیلنے والی پہلی خاتون کرکٹر ہیں۔ انہوں نے ونڈے میں سات سنچریوں سمیت 51.29 کے اوسط سے سب سے زیادہ 6720 رنز بنا چکی ہیں۔ وہ10 ٹسٹ اور 86 ٹی20 میچ بھی کھیل چکی ہیں۔