مجالس مقامی الیکشن کا جنوری کے اواخر میں نوٹیفکیشن متوقع

   

Ferty9 Clinic

ووٹرلسٹ کی تیاری آخری مرحلہ میں ، جی ایچ ایم سی کی تقسیم پر فیصلہ باقی
حیدرآباد ۔7 ۔ جنوری (سیاست نیوز) اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے ریاست میں میونسپلٹیز اور کارپوریشنوں کے انتخابات کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق 100 سے زائد میونسپلٹیز اور 7 کارپوریشنوں کے انتخابات کے لئے جاریہ ماہ کے اواخر میں اعلامیہ جاری کیا جائے گا اور فروری کے دوسرے ہفتہ میں رائے دہی ہوگی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے فہرست رائے دہندگان کو قطعیت دینے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ فہرست رائے دہندگان کا مسودہ جاری کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے عوام سے اعتراضات طلب کئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت نے الیکشن کمیشن کو مجالس مقامی انتخابات کا مشورہ دیا ہے ۔ پنچایت چناؤ مرحلہ کی کامیابی سے تکمیل کے بعد اسٹیٹ الیکشن کمیشن مارچ تک مجالس مقامی کے تمام اداروں کے انتخابی مرحلہ کو مکمل کرنا چاہتا ہے۔ کانگریس پارٹی نے انتخابی تیاریوں کے حصہ کے طور پر چیف منسٹر ریونت ریڈی کے دورہ اضلاع کے پروگرام کو قطعیت دی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ فروری پہلے ہفتہ میں چیف منسٹر اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے پارٹی کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔ حکومت نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کے سلسلہ میں کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ شہر کے اطراف کی 20 میونسپلٹیز اور 7 کارپوریشنوں کو جی ایچ ایم سی میں ضم کرنے کا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے ۔ ابتداء میں کہا جارہا تھا کہ حکومت جی ایچ ایم سی کو تین کارپوریشنوں میں تقسیم کرے گی تاہم اسمبلی میں ریاستی وزیر سریدھر بابو نے تقسیم کے بارے میں فیصلہ سے انکار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے وسیع تر مشاورت کے بعد اس سلسلہ میں فیصلہ کیا جائے گا ۔ بی آر ایس ، مجلس اور بی جے پی کی جانب کارپوریشن کی تقسیم کی مخالفت کی جا رہی ہے ۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں کانگریس پارٹی کو مستحکم کرنے کی حکمت عملی کے تحت حکومت کوئی فیصلہ کرے گی۔ گریٹر حیدرآباد میں کانگریس کے صرف 2 ارکان اسمبلی ہیں جبکہ اکثریت کا تعلق بی ار ایس سے ہے۔1