مجالس مقامی انتخابات، پہلے مرحلہ کیلئے آج نوٹیفکیشن

   

حیدرآباد ۔ 8 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں مجالس مقامی انتخابات کے پہلے مرحلہ کا کل 9 اکتوبر سے عملاً آغاز ہوگا۔ ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی نشستوں کے لئے دو مراحل میں انتخابات کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کل 9 اکتوبر کو پہلے مرحلہ کے انتخاب کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ نوٹیفکیشن کی اجرائی کے ساتھ ہی صبح 10.30 بجے سے پرچہ جات نامزدگی قبول کئے جائیں گے۔ تمام اہم سیاسی پارٹیوں نے انتخابات کی تیاریاں کرلی ہیں اور بیشتر پارٹیوں نے امیدواروں کا بھی فیصلہ کرلیا ہے ۔ ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی کے دو مراحل کے بعد سرپنچ اور وارڈ ممبرس کے انتخابات ہوں گے ۔ اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے جملہ پانچ مراحل میں چناؤ کا شیڈول جاری کیا ہے ۔ 9 اکتوبر کو انتخابی عمل کا آغاز ہوگا جو 11 نومبر کو مکمل ہوگا۔ سرپنچ اور وارڈ ممبرس کے تین مراحل پر مبنی انتخابات کیلئے 17 اکتوبر تک نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ عدالتوں میں مقدمات کے زیر دوران ہونے کے سبب ایم پی ٹی سی کی 14 ، سرپنچ کی 27 اور 246 وارڈ ممبرس کے لئے انتخابات نہیں ہوں گے۔ ملگ ضلع میں 14 ایم پی ٹی سی اور 230 وارڈ ممبرس کی نشستوں پر چناؤ نہیں ہوں گے۔ کریم نگر ضلع کے سیدا پور منڈل میں سرپنچ کی دو اور 16 وارڈ ممبرس کی نشستوں پر حکم التواء ہے ، لہذا انتخابات نہیں ہوں گے۔ اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل آوری کا فیصلہ کیا ۔ ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی نشستوں کے پہلے مرحلہ کے چناؤ میں 9 تا 11 اکتوبر پرچہ جات نامزدگی قبول کئے جائیں گے۔ 12 اکتوبر کو پرچہ جات کی جانچ ہوگی اور 15 اکتوبر تک نام واپس لئے جاسکتے ہیں۔ دوسرے مرحلہ کیلئے 13 اکتوبر کو پرچہ جات نامزدگی کا آغاز ہوگا اور 15 اکتوبر تک نامزدگی قبول کی جائے گی۔ 16 اکتوبر کو پرچہ جات کی جانچ ہوگی اور 19اکتوبر تک نام واپس لئے جاسکتے ہیں ۔1