تلنگانہ بی سی کمیشن صدرنشین اور ارکان کی محمد علی شبیر سے ملاقات
حیدرآباد ۔ یکم اگسٹ (سیاست نیوز) مجالس مقامی کے انتخابات میں بی سی طبقہ کے تحفظات میں اضافہ کے مسئلہ پر تلنگانہ بی سی کمیشن نے حکومت کے مشیر برائے اقلیت و کمزور طبقات محمد علی شبیر سے ملاقات کی۔ بی سی کمیشن کے صدرنشین ڈاکٹر وی کرشنا موہن راؤ، کمیشن کے ارکان ایس پاٹل، کے کشور گوڑ اور بی سی ویلفیر ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ اِس موقع پر مجالس مقامی کے مجوزہ انتخابات میں بی سی تحفظات میں اضافہ کے طریقہ کار کا جائزہ لیا گیا۔ ریاست میں سماجی، معاشی بنیادوں پر طبقاتی سروے اور زمرہ بندی سے متعلق حکومت کے فیصلے کا جائزہ لیا گیا۔ بی سی کمیشن کے صدرنشین کرشنا موہن راؤ نے مجالس مقامی میں بی سی تحفظات کے اضافہ پر کمیشن کے موقف سے واقف کرایا۔ اُنھوں نے سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے فیصلوں کے پیش نظر حکومت کو تمام ضروری احتیاط کرنے کا مشورہ دیا۔ اِس سلسلہ میں دستور اور قانون کے ماہرین سے مشاورت کی جائے گی۔ تلنگانہ حکومت نے تمام طبقات کی مردم شماری کا فیصلہ کیا ہے۔ اِس سلسلہ میں بی سی کمیشن کا رول اہمیت کا حامل ہے۔ محمد علی شبیر نے کمیشن کو بتایا کہ وہ اجلاس کی روئیداد سے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو واقف کرائیں گے تاکہ بی سی طبقات کے تحفظات میں اضافہ کو یقینی بنایا جاسکے۔ اجلاس میں تحفظات سے متعلق سپریم کورٹ میں جاری مقدمہ کا جائزہ لیا گیا۔ 1