مجالس مقامی انتخابات میں خاتون رائے دہندوں کا موقف فیصلہ کن

   

سرکاری اسکیمات کے استفادہ کنندگان کی فہرست تیار،ٹی آر ایس قائدین کی انفرادی مہم
حیدرآباد: گریٹر ورنگل اور کھمم میونسپل کارپوریشنوں کے علاوہ پانچ میونسپلٹیز میں خاتون رائے دہندے کسی بھی پارٹی کی کامیابی میں اہم رول ادا کریں گے ۔ ٹی آر ایس ، بی جے پی اور کانگریس نے خاتون رائے دہندوں پر توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کھمم اور ورنگل میونسپلٹیز میں ٹی آر ایس دوبارہ کامیابی حاصل کرنے کے لئے حکومت کی اسکیمات کے استفادہ کنندگان کی فہرست تیار کرتے ہوئے ان سے رجوع ہونے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ حکومت کی اسکیمات خاص طور پر آسرا پنشن ، کلیان لکشمی ، شادی مبارک کے استفادہ کنندگان کی فہرست تیار کی جارہی ہے۔ سرکاری ریکارڈ کے اعتبار سے بیواؤں ، تنہا زندگی گزارنے والی بے آسرا خواتین ، معمر خواتین اور معذورین کی فہرست تیار کی جارہی ہے جنہیں حکومت کی جانب سے ماہانہ وظیفہ دیا جاتا ہے ۔ ناگرجنا ساگر ضمنی چناؤ میں ٹی آر ایس نے دو لاکھ استفادہ کنندگان کی فہرست تیار کرتے ہوئے شخصی ملاقاتیں کی تھیں۔ ورنگل اور کھمم کے علاوہ اچم پیٹ ، نکریکل ، سدی پیٹ اور دیگر میونسپلٹیز میں اسی حکمت عملی کو اختیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکومت کی مدد سے چلنے والے سیلف ہیلپ گروپس کی خواتین کے ذریعہ انتخابی مہم چلائی جائے گی۔ ٹی آر ایس حکومت نے حال ہی میں وظیفہ کی رقم میں اضافہ کردیا ہے۔ خواتین کیلئے شروع کی گئی اسکیمات میں کے سی آر کٹ اسکیم کافی مقبول ہوئی جو حاملہ خواتین کی امداد سے متعلق ہے۔ ٹی آر ایس کی جانب سے حکومت کی اسکیمات کی تشہیر کرتے ہوئے ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔ اس کے علاوہ 50 فیصد نشستیں خواتین کیلئے مختص ہیں جس کے نتیجہ میں خاتون رائے دہندے مزید اہمیت حاصل کرچکے ہیں۔ گریٹر ورنگل میں جملہ رائے دہندے 652966 ہیں جن میں سے 322918 مرد اور 329872 خاتون رائے دہندے ہیں۔ کھمم میونسپل کارپوریشن میں جملہ رائے دہندے 281387 ہیں ان میں سے مرد 135734 جبکہ خاتون رائے دہندے 145608 ہیں۔ دونوں کارپوریشنوں میں مرد رائے دہندوں سے زیادہ خواتین کی تعداد ہے۔ اسی دوران بی جے پی نے خواتین کے لئے مرکزی اسکیمات کو انتخابی موضوع بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ نریندر مودی حکومت نے خواتین کی امداد کیلئے شہری اور دیہی علاقوں میں بعض اسکیمات متعارف کی ہے۔ مرکزی اسکیمات کی تفصیلات کے ساتھ استفادہ کنندگان میں بی جے پی انتخابی مہم چلائے گی۔