مجالس مقامی انتخابات میں ٹی آر ایس کی شاندار کامیابی یقینی

   

وزیر ٹرانسپورٹ اجئے کمار کا دعویٰ، کانگریس و سی پی ایم کے 350 قائدین کی پارٹی میں شمولیت
حیدرآباد۔ وزیر ٹرانسپورٹ پی اجئے کمار نے دعویٰ کیا کہ کھمم میونسپل کارپوریشن انتخابات میں ٹی آر ایس شاندار کامیابی حاصل کریگی۔ ریاستی وزیر کی موجودگی میں کانگریس اور سی پی آئی ایم سے تعلق رکھنے والے کئی قائدین و کارکنوں نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ 350 سے زائد قائدین اور کارکنوں کا تعلق مختلف بلدی ڈیویژنوں سے ہے جو بلدی انتخابات میں اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔ ٹی آر ایس میں ان قائدین کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ کھمم ضلع کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے حکومت اقدامات کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں وارڈز کی اکثریت پر کامیابی ٹی آر ایس کا نشانہ ہے۔ انہوں نے پارٹی ورکرس اور قائدین پر زور دیا کہ وہ گھر گھر پہنچ کر رائے دہندوں سے ملاقات کریں۔ رائے دہندوں کو کھمم کی ترقی سے واقف کرایا جائے اور گذشتہ پانچ برسوں میں ٹی آر ایس حکومت نے کھمم کو ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے 1,800 کروڑ روپئے کھمم شہر کی ترقی کیلئے الاٹ کئے ہیں۔ ضلع پریشد صدرنشین ایل کمل راج، ایم ایل سی بی لکشمی نارائنا اور ضلع کے انچارج جی کرشنا نے خطاب کرتے ہوئے بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس کی شاندار کامیابی کا دعویٰ کیا۔ انہوں نے حکومت و ریاستی وزیر کے خلاف سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا کے ریمارکس کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس قائد کھمم کی ترقی کو ہضم نہیں کرپارہے ہیں اور حکومت پر بے بنیاد الزامات کانگریس قائدین کی عادت بن چکی ہے۔ کھمم کے رائے دہندے اچھی طرح جانتے ہیں کہ صرف ٹی آر ایس کے ذریعہ کھمم کی ترقی ممکن ہے۔