حیدرآباد۔22 اپریل (سیاست نیوز) کانگریس الیکشن کمیشن کوآرڈینیشن کمیٹی کے کنوینر جی نرنجن نے اسٹیٹ الیکشن کمشنر وی ناگی ریڈی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے مجالس مقامی کے انتخابات کے پرچہ نامزدگی کے ساتھ اے اور بی فارمس کے ادخال کے بارے میں موقف کی وضاحت کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اے اور بی فارمس کو پر کرنے کے بارے میں الیکشن عہدیداروں میں غلط فہمی پائی جاتی ہے۔ حالانکہ اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے اس سلسلہ میں احکامات جاری کیے ہیں۔ جی نرنجن نے بتایا کہ مختلف مقامات پر ضلع کلکٹرس امیدواروں کی جانب سے پیش کردہ فارم اے قبول نہیں کررہے ہیں اور اسے ڈی آر او یا سی ای او کے پاس داخل کرنے کے لیے اصرار کررہے ہیں۔ اس سلسلہ میں ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی جائے کہ وہ نہ صرف اسے قبول کریں بلکہ اس کا اکنالیجمنٹ جاری کریں۔ نرنجن نے کہا کہ کوئی بھی امیدوار سیاسی پارٹی کی جانب سے بی فارم داخل کیئے بغیر پرچہ نامزدگی داخل کرسکتا ہے۔ بی فارم جو پارٹی کی جانب سے جاری کیا جاتا ہے وہ پرچہ نامزدگی سے دستبرداری کے وقت تک پیش کرنے کی گنجائش ہے۔ کانگریس پارٹی کو شکایت ملی ہے کہ میدک ضلع کے ریٹرننگ عہدیدار امیدوار سے اے فارم داخل کرنے کے لیے اصرار کررہے ہیں۔ نرنجن نے الیکشن کمشنر سے اپیل کی کہ تمام کلکٹرس کو ہدایات جاری کریں کہ وہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے جاری کردہ اے فارم ریٹرننگ آفیسرس کو روانہ کریں۔ سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کو ریٹرننگ آفیسر کے پاس اے فارم داخل کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ کیوں کہ امیدوار صرف بی فارم داخل کرتا ہے۔ چوں کہ سابق میں اس مسئلہ پر مسائل پیدا ہوئے تھے لہٰذا اسٹیٹ الیکشن کمیشن کو مداخلت کرتے ہوئے ریٹرننگ آفیسرس اور ضلع کلکٹرس کو موقف کی وضاحت کرنی چاہئے۔
