حیدرآباد۔ آندھرا پردیش اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے سنگل جج کے احکامات کو چیلنج کیا ہے جس کے تحت زیڈ پی ٹی سی اور ایم پی ٹی سی انتخابات کے شیڈول پر حکم التواء جاری کیا گیا تھا۔ الیکشن کمیشن نے 8 اپریل کو انتخابات کا اعلامیہ جاری کیا تھا۔ ہائی کورٹ کے ڈیویژن بنچ پر اس معاملہ کی سماعت جاری ہے۔ قبل ازیں سنگل جج نے یکم اپریل کو جاری کردہ اعلامیہ پر حکم التواء جاری کردیا جس کے تحت ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی انتخابات منعقد ہونے والے تھے۔ انتخابی مہم منگل کو ختم ہوچکی ہے۔ الیکشن کمیشن نے تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں لہذا اس نے ڈیویژن بنچ پر درخواست دی ہے کہ انتخابات کی اجازت دی جائے۔ جسٹس یو درگا پرساد نے بی جے پی اور تلگودیشم قائدین کی درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے حکم التواء جاری کیا تھا۔ درخواستوں گذاروں نے شکایت کی تھی کہ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کی ہے۔ ہائی کورٹ سے سنگل جج کے احکامات کو کالعدم قرار دینے کی صورت میں ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی کے چناؤ ممکن ہوسکیں گے۔