مجالس مقامی انتخابات کا شیڈول جاری، جملہ 5 مراحل میں رائے دہی کا اعلان

   

ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی کیلئے دو مراحل جبکہ گرام پنچایتوں کیلئے تین مراحل میں چناؤ، 9 اکتوبر سے پہلے مرحلہ کا آ غاز، اسٹیٹ الیکشن کمشنر رانی کمودنی کا اعلان
حیدرآباد 29 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے مجالس مقامی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ اسٹیٹ الیکشن کمشنر رانی کمودنی نے 9 اکتوبر تا 11 نومبر پانچ مراحل میں مجالس مقامی انتخابات کا اعلان کیا۔ شیڈول کی اجرائی کے ساتھ ہی حیدرآباد ضلع کو چھوڑ کر تمام اضلاع میں انتخابی ضابطہ اخلاق فوری نافذ ہوچکا ہے ۔ رانی کمودنی نے کہا کہ ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی نشستوں کیلئے انتخابات دو مراحل میں ہونگے جبکہ گرام پنچایتوں کے انتخابات تین مراحل میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ پہلے مرحلہ کیلئے پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کا 9 اکتوبر کو آغاز ہوگا اور 23 اکتوبر کو رائے دہی ہوگی۔ رائے دہی کا آخری مراحلہ 8 نومبر کو مکمل ہوگا۔ سرپنچوں اور وارڈ ممبرس کے انتخاب کیلئے پولنگ کے فوری بعد اسی دن ووٹوں کی گنتی کی جائے گی جبکہ ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی نشستوں کیلئے 11 نومبر کو ووٹوں کی گنتی ہوگی۔ واضح رہے کہ تلنگانہ ہائی کورٹ نے مجالس مقامی میں 42 فیصد تحفظات کی فراہمی سے متعلق جی او پر 8 اکتوبر کو سماعت مقرر کی اور اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے پہلے مرحلہ کیلئے 9 اکتوبر پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کی تاریخ مقرر کی ہے۔ رانی کمودنی نے کہا کہ 5749 ا یم پی ٹی سی ، 565 زیڈ پی ٹی سی ، 12733 گرام پنچا یتوں اور 112288 وارڈ ممبرس عہدوں کیلئے رائے دہی ہوگی۔ عام طور پر گرام پنچایتوں کے انتخابات کے بعد ایم پی ٹی سی و زیڈ پی ٹی سی نشستوں کیلئے رائے دہی ہوتی ہے لیکن اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے پہلے دو مراحل میں ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی کی نشستوں پر چناؤ کا اعلان کیا ہے۔ شیڈول کے مطابق ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی نشستوں کیلئے 9 اکتوبر کو پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کا آغاز ہوگا اور 11 اکتوبر تک پرچہ جات داخل کئے جاسکتے ہیں۔ نامزدگیوں کی جانچ 12 اکتوبر کو ہوگی اور 15 اکتوبر تک پرچہ جات نامزدگی سے دستبرداری اختیار کی جاسکتی ہے ۔ رائے دہی 23 اکتوبر کو ہوگی جبکہ ووٹوں کی گنتی 11 نومبر کو مقرر ہے ۔ ایم پی ٹی سی ، زیڈ پی ٹی سی نشستوں کے دوسرے مرحلہ کے چناؤ کیلئے 13 اکتوبر سے پرچہ نامزدگی کے ادخال کا آ غاز ہوگا۔ 15 اکتوبر تک پرچے داخل کئے جاسکتے ہیں۔ 16 اکتوبر کو جانچ ہوگی اور 19 اکتوبر تک نام واپس لینے کی مہلت رہے گی۔ 27 اکتوبر کو رائے دہی اور 11 نومبر کو ووٹوں کی گنتی ہوگی ۔ گرام پنچایت پہلے مرحلہ کیلئے 17 اکتوبر کو پرچہ نامزدگی کے ادخال کا آغاز ہوگا۔ 19 اکتوبر تک پرچہ داخل کئے جاسکتے ہیں جن کی جانچ 20 اکتوبر کو ہوگی۔ 23 اکتوبر تک نام واپس لینے کی مہلت رہے گی اور 31 اکتوبر کو رائے دہی ہوگی۔ دوسرے مرحلہ کیلئے 21 اکتوبر سے پرچہ جات نامزدگی داخل کئے جاسکتے ہیں اور 23 اکتوبر آخری تاریخ رہے گی۔ 24 اکتوبر کو پرچہ جات کی جانچ اور 27 اکتوبر تک نام واپس لینے کی مہلت رہے گی۔ رائے دہی 4 نومبر کو ہوگی۔ گرام پنچایتوں کے تیسرے اور آخری مرحلہ کے لئے 25 اکتوبر کو پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کا آغاز ہوگا۔ 27 اکتوبر آخری تاریخ رہے گی جبکہ 28 اکتوبر کو پرچہ جات کی جانچ ہوگی۔31 اکتوبر تک نام واپس لئے جاسکتے ہیں۔ رائے دہی 8 نومبر کو ہوگی۔ اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے آزادانہ اور منصفانہ رائے دہی یقینی بنانے کیلئے تمام متعلقہ سرکاری محکمہ جات کے ساتھ اجلاس طلب کیا ہے۔1