مجالس مقامی انتخابات کیلئے تیار رہنے قائدین کو پونم پربھاکر کا مشورہ

   

راشن کارڈس کی عنقریب اجرائی، بی آر ایس نے خزانہ خالی کردیا تھا
حیدرآباد 2 جنوری (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے پارٹی قائدین کو مشورہ دیا کہ مجالس مقامی کے انتخابات میں کانگریس کی کامیابی کیلئے ابھی سے مساعی کریں۔ پونم پربھاکر نے سدی پیٹ میں قائدین اور کارکنوں کے اجلاس میں شرکت کی۔ اُنھوں نے کہاکہ مجالس مقامی میں پسماندہ طبقات کے تحفظات کے تعین کے بعد انتخابات ہونگے ۔ حکومت کی ایک سالہ کارکردگی کی بنیاد پر کانگریس ‘الیکشن میں شاندار کامیابی حاصل کریگی۔ اُنھوں نے قائدین اور کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ حکومت کے کارناموں سے عوام کو واقف کرائیں اور مجالس مقامی کے انتخابات کیلئے تیار رہیں۔ حکومت نے زراعت اور کسانوں کی بھلائی کیلئے 30 ہزار کروڑ مختص کئے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ کابینی سب کمیٹی رعیتو بھروسہ اسکیم کے بارے میں فیصلہ کرے گی۔ سنکرانتی تہوار سے رعیتو بھروسہ اسکیم کا آغاز ہوگا اور جلد ہی نئے راشن کارڈس کی اجرائی عمل میں آئیگی۔ اُنھوں نے الزام عائد کیاکہ بی آر ایس کی سابق حکومت نے ریاست کے خزانے کو خالی کردیا۔ کمزور مالی موقف کے باوجود ریونت ریڈی حکومت نے اہم انتخابی وعدوں کی نہ صرف تکمیل کی ہے بلکہ نئی اسکیمات کا آغاز کیا جارہا ہے۔ پونم پربھاکر نے کہاکہ اندراماں انڈلو کے تحت مکانات کے الاٹمنٹ میں مکمل شفافیت رہے گی۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے کہاکہ حکومت نے کسانوں سے وعدے کے مطابق باریک چاول کیلئے فی کنٹل 500 روپئے بونس کی ادائیگی کا آغاز کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کسانوں سے وعدے کے مطابق 2 لاکھ روپئے تک کے قرضہ جات معاف کئے گئے جس کیلئے 21 ہزار کروڑ کی اجرائی عمل میں آئی ۔ پونم پربھاکر نے کہاکہ سرکاری اسکیمات پر مکمل شفافیت کے ساتھ عمل آوری ہوگی اور بی آر ایس دور حکومت کی طرح بے قاعدگیوں کی گنجائش نہیں رہے گی۔ 1