مجالس مقامی انتخابی مہم ‘ریونت ریڈی کے دورۂ اضلاع کی تیاریاں

   

Ferty9 Clinic

عادل آباد اور محبوب نگر میں عام جلسوں کو قطعیت، بیرونی دورہ سے واپسی کے بعد مہم میں شدت
حیدرآباد۔ 11 جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سنکرانتی کے بعد مجالس مقامی کے انتخابی مہم کے طور پر دورۂ اضلاع کی منصوبہ بندی کی ہے۔ اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے 16 جنوری کو مجالس مقامی کی قطعی ووٹر لسٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ توقع ہے کہ فہرست کی اجرائی کے بعد انتخابی شیڈول و اعلامیہ جاری کردیا جائے گا۔ فروری میں میونسپلٹیز اور کارپوریشنوں کے انتخابات کے پیش نظر چیف منسٹر ریونت ریڈی نے فروری کے پہلے ہفتہ سے دورہ اضلاع کا فیصلہ کیا ہے۔ پہلے مرحلہ میں 4 اضلاع کا دورہ کرکے چیف منسٹر عام جلسوں سے خطاب کریں گے۔ مجالس مقامی کے انتخابی مہم کو منریگا اسکیم کی برخواستگی کے خلاف احتجاج سے مربوط کیا جائے گا۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے دیہاتوں کی سطح پر احتجاج کی اپیل کی ہے۔ چیف منسٹر کے عام جلسہ منریگا اسکیم کی بحالی کی مہم کے ساتھ ساتھ مجالس مقامی کی انتخابی مہم کا حصہ رہیں گے۔ ریاستی وزراء کو عام جلسوں کی ذمہ داری دی گئی ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی 19 جنوری کو ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس کیلئے ڈاؤس روانہ ہورہے ہیں اور روانگی سے قبل وہ وزراء اور سرکردہ قائدین سے مشاورت کرکے مجالس مقامی کی انتخابی مہم کی حکمت عملی طے کریں گے۔ چیف منسٹر کے بیرونی دورہ کے فوری بعد دورۂ اضلاع کا آغاز ہوگا۔ پارٹی نے سنکرانتی کے فوری بعد 16 جنوری کو عادل آباد اور 17 جنوری کو محبوب نگر میں عام جلسوں کا منصوبہ بنایا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق ریونت ریڈی 18 جنوری کو کھمم کا دورہ کریں گے اور سی پی آئی کی صدسالہ تقاریب میں حصہ لیں گے۔ واپسی میں چیف منسٹر میڈارم یاترا میں شرکت کریں گے۔ اسی دن رات چیف منسٹر ڈاؤس کے لئے روانہ ہوں گے۔ ضلع کے انچارج وزراء کو ذمہ داری دی گئی ہے کہ عام جلسوں میں عوام کی کثیر تعداد کی شرکت کو یقینی بنانے کے لئے عوامی نمائندوں سے بہتر تال میل کی جائے۔ 1