جوبلی ہلز میں عوام نے بی آر ایس کو مسترد کردیا، مہیش کمار گوڑ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 14۔نومبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ جوبلی ہلز کے ضمنی چناؤ میں عوام نے ترقی اور فلاح و بہبود کے حق میں ووٹ دیا ہے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ جوبلی ہلز کی کامیابی دراصل پارٹی کارکنوں کی دن رات محنت کا نتیجہ ہے اور وہ کامیابی کو کارکنوں کے نام معنون کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جوبلی ہلز کے رائے دہندوں نے بی آر ایس کی جانب سے حلقہ کو نظرانداز کرنے پر مسترد کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں بی آر ایس صفر ہوچکی تھی اور کنٹونمنٹ کے بعد جوبلی ہلز کے رائے دہندوں نے بی آر ایس کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بی آر ایس کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کامیابی نے پارٹی کی ذمہ داریوں میں اضافہ کردیا اور عوام کی خواہشات کے مطابق حلقہ کی ترقی کے کام انجام دیئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بی سی لیڈر نوین یادو کو پارٹی امیدوار بناتے ہوئے پسماندہ طبقات سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ 2028 اسمبلی انتخابات میں کانگریس کو 100 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوگی اور تلنگانہ میں 10 برس تک کانگریس کا اقتدار رہے گا ۔ جوبلی ہلز کی انتخابی مہم میں چیف منسٹر ریونت ریڈی ، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرما رکا ، ریاستی وزراء ، عوامی نمائندوں اور مختلف کارکنوں کے صدورنشین کی مساعی قابل قدر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنٹونمنٹ کے بعد جوبلی ہلز کے رائے دہندوں نے حکومت کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مجالس مقامی اور گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں بھی کانگریس کو کامیابی حاصل ہوگی۔1
