مجالس مقامی ایم ایل سی نشستوں کیلئے کانگریس مقابلہ کرے گی

   

امیدواروں کے انتخاب کیلئے کمیٹی کا قیام، جنگلاتی اراضی پر اپوزیشن کا اجلاس، پولٹیکل افیرس کمیٹی کے فیصلے
حیدرآباد۔/10 نومبر، ( سیاست نیوز) پردیش کانگریس کی پولٹیکل افیرس کمیٹی نے مجالس مقامی کی 12 ایم ایل سی نشستوں کے چناؤ میں مضبوط امیدواروں کو اُتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔ امیدواروں کے انتخاب کے سلسلہ میں سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودرراج نرسمہا کی قیادت میں کمیٹی تشکیل دی گئی جس کے ارکان میں ڈاکٹر جی چنا ریڈی اور سابق مرکزی وزیر بلرام نائیک شامل ہیں۔ یہ کمیٹی مختلف اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے مقامی قائدین سے ملاقات کرے گی اور مجالس مقامی میں کانگریس کی تعداد کے اعتبار سے امیدواروں کے ناموں پر پارٹی کو رپورٹ پیش کرے گی۔ پولٹیکل افیرس کمیٹی کا اجلاس آج منعقد ہوا جس میں صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی،اے آئی سی سی سکریٹریز بوس راجو، شیوا رام کرشنن، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا، کمیٹی کے کنوینر محمد علی شبیر، رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی، ڈاکٹر جے گیتا ریڈی، ڈاکٹر شراون، ڈاکٹر چنا ریڈی، بلرام نائیک، سمپت کمار، مہیش کمار گوڑ، مہیشور ریڈی، جگا ریڈی، رینوکا چودھری، پونالہ لکشمیا اور وی ہنمنت راؤ نے شرکت کی۔ اجلاس میں مجالس مقامی کی کونسل نشستوں کے چناؤ میں کانگریس کے عوامی نمائندوں کے انحراف کو روکنے کیلئے اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔ سابق میں نظام آباد اور دیگر علاقوں میں بھاری رقومات کی پیشکش کرتے ہوئے کانگریس کے ایم پی ٹی سی، زیڈ پی ٹی سی اور کونسلرس کی تائید حاصل کی گئی تھی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہم خیال سیاسی جماعتوں کے ساتھ جنگلاتی اراضیات کے مسئلہ پر جدوجہد کی جائے۔ حقیقی قبائیلی کسانوں کو اراضی کے الاٹمنٹ کے بجائے ٹی آر ایس کے قائدین فرضی ناموں کے ذریعہ اراضیات حاصل کررہے ہیں۔ اس بے قاعدگی کو روکنے کیلئے اپوزیشن قائدین کے ساتھ اجلاس طلب کیا جائے گا۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا بائیں بازو اور دیگر جماعتوں کے قائدین سے بات چیت کے بعد اجلاس کی تاریخ طئے کریں گے۔ پولٹیکل افیرس کمیٹی نے ٹریننگ کیمپ کے پہلے دن جنگاؤں کے بعض کارکنوں کی جانب سے ہنگامہ آرائی کا سختی سے نوٹ لیا اور اس معاملہ کو تادیبی کارروائی کمیٹی سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ۔ تادیبی کارروائی کمیٹی بہت جلد ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے گی ۔ر