مجالس مقامی ایم ایل سی نشست کیلئے ایم ایس پربھاکر راؤٹی آر ایس امیدوار

   

حیدرآباد۔یکم مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے مجالس مقامی کی ایم ایل سی نشست کیلئے ایم ایس پربھاکر راؤ کی امیدواری کا اعلان کیا ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج ان کے نام کی منظوری دی ۔ ایم ایس پربھاکر راؤ مسلسل دوسری مرتبہ حیدرآباد مجالس مقامی کے زمرہ سے مقابلہ کررہے ہیں۔ 2010 میں وہ پہلی مرتبہ رکن کونسل منتخب ہوئے تھے۔ متفقہ طور پر ان کا انتخاب عمل میں آیا تھا اور لاٹری میں ان کی میعاد تین سال طئے کی گئی تھی۔ 2013 میں تلگودیشم، بی جے پی اور مجلس کی تائید سے وہ دوبارہ متفقہ طور پر منتخب ہوئے۔ 2015 میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات سے قبل ایم ایس پربھاکر راؤ ٹی آر ایس میں شامل ہوگئے۔ حال ہی میں کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے ٹی آر ایس کے انضمام میں پربھاکر نے اہم رول ادا کیا۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن میں ٹی آر ایس کے ارکان کی عددی طاقت کے اعتبار سے اُن کا متفقہ انتخاب یقینی دکھائی دے رہا ہے۔ ایم ایس پربھاکر راؤ نے دوبارہ ایم ایل سی ٹکٹ کے اعلان پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے اظہار تشکر کیا۔ اسی دوران میدک، نظام آباد، عادل آباد اور کریم نگر اضلاع پر مشتمل ٹیچرس زمرہ کی ایم ایل سی نشست کیلئے مختلف ٹیچرس تنظیموں کی تائید سے ٹی آر ایس امیدوار پی سدھاکر ریڈی نے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کردیا۔ انہوں نے کلکٹر کریم نگر سرفراز احمد کو کاغذات نامزدگی حوالے کئے۔ سدھاکر ریڈی قانون ساز کونسل میں گورنمنٹ چیف وہپ ہیں۔