23 نومبر تک پرچہ جات نامزدگی، 10 ڈسمبر کو رائے دہی، ٹی آر ایس میں سرگرمیاںتیز
حیدرآباد۔16۔نومبر (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن نے تلنگانہ میں مجالس مقامی زمرہ کی 12 ایم ایل سی نشستوں کے چناؤ کے سلسلہ میں آج اعلامیہ جاری کردیا ہے۔ اعلامیہ کی اجرائی کے ساتھ ہی پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کا آغاز ہوچکا ہے۔ 23 نومبر تک پرچہ جات نامزدگی داخل کئے جاسکتے ہیں۔ 24 نومبر کو پرچہ جات نامزدگی کی جانچ ہوگی جبکہ 26 نومبر تک نام واپس لئے جاسکتے ہیں ۔ 10 ڈسمبر کو رائے دہی مقرر ہے جبکہ 14 ڈسمبر کو ووٹوں کی گنتی اور نتیجہ کا اعلان کیا جائے گا ۔ 9 اضلاع میں ایم ایل سی کی 12 نشستوں کی میعاد 4 جنوری 2022 ء کو ختم ہورہی ہے ۔ جن ارکان کونسل کی میعاد ختم ہورہی ہے ، ان میں چیف منسٹر کی دختر کے کویتا بھی شامل ہیں جو نظام آباد ضلع کی مجالس مقامی نشست سے منتخب ہوئی تھیں۔ عادل آباد ، ورنگل ، نلگنڈہ ، میدک ، نظام آباد اور کھمم میں فی کس ایک نشست جبکہ کریم نگر ، محبوب نگر اور رنگا ریڈی میں فی کس دو نشستوں کیلئے انتخابات ہورہے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے چیف سکریٹری سومیش کمار کو ہدایت دی ہے کہ الیکشن کے دوران کووڈ قواعد پر عمل آوری کو یقینی بنانے کیلئے سینئر عہدیدار کا تقرر کریں۔ چیف الیکٹورل آفیسر ڈاکٹر شیشانگ گوئل نے ایم ایل سی انتخابات کے دوران ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل آوری کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں 9 اضلاع کے ضلع کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس منعقد کی ہیں۔ واضح رہے کہ مجالس مقامی زمرہ کی ایم ایل سی نشستوں کیلئے مجالس مقامی کے نمائندے ووٹ دینے کا حق رکھتے ہیں جن میں کارپوریٹرس ، کونسلرس ، ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی ارکان شامل ہیں۔ مجالس مقامی میں برسر اقتدار پارٹی کے نمائندوں کو اکثریت حاصل ہے ، لہذا ٹی آر ایس تمام نشستوں پر کامیابی کے بارے میں پرامید ہے۔ ٹی آر ایس نے امیدواروں کے انتخاب کے لئے اضلاع کے قائدین اور خاص طور پر ریاستی وزراء اور عوامی نمائندوں سے رائے حاصل کی ہے۔ بی جے پی اور کانگریس نے ابھی تک ایم ایل سی انتخابات میں حصہ لینے کے باریمیں کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ ر
