مجالس مقامی چناؤ، بی جے پی انتخابی مہم میں امیت شاہ اور نتن نبین کی شمولیت کا امکان

   

حیدرآباد۔ یکم؍ فروری (سیاست نیوز) بی جے پی نے مجالس مقامی انتخابات میں بہتر مظاہرہ کے لئے قومی قائدین کے ذریعہ پارٹی کی انتخابی مہم کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق شہری اور نیم شہری علاقوں میں بی جے پی کی موجودگی کو دیکھتے ہوئے انتخابی مہم میں پارٹی کے قومی صدر نتن نبین اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو انتخابی مہم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی کے ریاستی صدر رام چندر راؤ نے قومی قائدین کی انتخابی مہم کو قطعیت دینے کے لئے سینئر قائدین سے مشاورت کرتے ہوئے ان اضلاع کا تعین کیا ہے جہاں قومی قائدین کی مہم سے پارٹی کو فائدہ ہوسکتا ہے۔ نتن نبین اور امیت شاہ روڈ شو کے علاوہ عام جلسوں سے خطاب کریں گے۔ جاریہ ماہ کے پہلے ہفتہ میں دو مرحلے کے تحت قومی قائدین کو مدعو کیا جائے گا۔ محبوب نگر میں پہلا جلسہ عام رہے گا جس سے امیت شاہ خطاب کریں گے۔ نرمل، کریم نگر اور عادل آباد میں بھی قومی قائدین کے دورہ کا منصوبہ ہے۔ 8 فروری سے قبل بی جے پی کے قومی قائدین انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔ پارٹی نے مجالس مقامی میں کامیابی کے امکانات پر داخلی سروے کا اہتمام کیا ہے۔ سروے کے مطابق نظام آباد، کریم نگر اور محبوب نگر میونسپل کارپوریشنوں میں بی جے پی کو بہتر مظاہرے کی امید ہے۔ سروے کی بنیاد پر ارکان پارلیمنٹ اور اسمبلی کو مختلف علاقوں کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ 7 میونسپل کارپوریشنوں میں کم از کم 2 پر قبضہ کرنے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔1
116 میونسپلٹیز میں 50 فیصد ایسے ہیں جو بی جے پی کے سروے کے مطابق پارٹی کا مضبوط موقف رکھتے ہیں۔ انتخابی مہم کی نگرانی کے لئے مہاراشٹرا کے وزیر آشیش شیلر کو انچارج مقرر کیا گیا ہے جو مختلف اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے ضلعی قائدین سے مشاورت کررہے ہیں۔1
آشیش شیلر تلنگانہ کے لئے نئے نہیں ہیں۔ 2020 میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابات میں وہ معاون انچارج کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ نظام آباد، کریم نگر، محبوب نگر، نرمل، عادل آباد، کاماریڈی، جگتیال اور میدک میں بی جے پی نے خصوصی توجہ کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی اعلیٰ قیادت چاہتی ہے کہ آئندہ اسمبلی انتخابات پر بی جے پی تلنگانہ میں دوسری بڑی پارٹی کا موقف حاصل کرے۔ بی آر ایس کے مضبوط علاقوں میں بی جے پی کیڈر کو متحرک کرتے ہوئے عوامی تائید حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ 1