مجالس مقامی چناؤ میں انتخابی مفاہمت کا فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی

   

وزراء کے خلاف میڈیا میں مہم قابل مذمت، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا کی پریس کانگریس
حیدرآباد ۔28 ۔ جنوری (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے دعویٰ کیا کہ مجالس مقامی کے انتخابات میں کانگریس پارٹی شاندار مظاہرہ کرے گی اور زائد کارپوریشنوں اور میونسپلٹیز پر قبضہ ہوگا۔ بھٹی وکرمارکا کھمم میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کے ترقیاتی ایجنڈہ کو عوام کی تائید حاصل ہوگی۔ بھٹی وکرمارکا نے پار ٹی کے تمام ا رکان اسمبلی کو ہدایت دی کہ وہ سنجیدگی کے ساتھ انتخابی مہم میں مصروف ہوجائیں اور ضلع کے پارٹی قائدین کے ساتھ اشتراک کرتے ہوئے امیدواروں کی کامیابی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت نے شہری علاقوں میں بنیادی انفراسٹرکچر کی ترقی کو اولین ترجیح دی ہے۔ تلنگانہ کی فلاحی اسکیمات کی مثال ملک کی کوئی اور ریاست پیش نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ مجالس مقامی انتخابات میں انتخابی مفاہمت کے بارے میں کوئی حتمی فیصلہ صدر پردیش کانگریس مہیش کما ر گوڑ کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر اور تمام کابینی وزراء ایک خاندان کی طرح کام کرتے ہیں اور کابینہ کا مقصد ریاست کو ترقی کی راہ پر کامیاب کرنا ہے۔ تلنگانہ کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے ریاست کو تین علحدہ زونس میں تقسیم کیا گیا ہے اور ویژن 2047 ڈاکیومنٹ تیار کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے امریکہ سے بلدی انتخابات کے سلسلہ میں وزراء کو ہدایت جاری کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے وزراء کو پابند کیا کہ وہ اپنے الاٹ کردہ لوک سبھا حلقہ جات میں متحرک ہوجائیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے میڈیا کے بعض گوشوں میں وزراء کے خلاف بے بنیاد خبروں کی اشاعت پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی چیف منسٹر سے وزراء کی ملاقات کو سیاسی رنگ دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت نے عوام سے کئے گئے 90 فیصد وعدوں کی تکمیل کرلی ہے ۔ سنگارینی ٹنڈر معاملہ میں بے قاعدگیوں کی تردید کرتے ہوئے بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اس معاملہ میں وضاحت کی جاچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنچایت چناؤ کی طرح مجالس مقامی چناؤ کے نتائج کانگریس کے حق میں رہیں گے۔ بھٹی وکرمارکا نے ضلع کے عوامی نمائندوں اور کانگریس قائدین کے ساتھ اجلاس طلب کیا جس میں انتخابی حکمت عملی طئے کی گئی ۔ 1