مجالس مقامی چناؤ میں پنچایت راج سنگٹھن کا اہم رول: میناکشی نٹراجن

   

گاندھی بھون میں ریاستی عاملہ کا اجلاس، قومی صدر سنیل پنور کی شرکت
حیدرآباد۔ 22 جون (سیاست نیوز) اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ میناکشی نٹراجن نے کہا کہ مجالس مقامی کے انتخابات میں راجیو گاندھی پنچایتی راج سنگٹھن کا اہم رول رہے گا۔ گاندھی بھون میں سنگٹھن کی ریاستی عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میناکشی نٹراجن نے کہا کہ مجالس مقامی کے انتخابات میں بنیادی سطح تک کارکنوں کو متحرک کرنے میں پنچایت راج سنگٹھن اہم رول ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے سنگٹھن کے عہدیداروں سے کہا کہ وہ ابھی سے مجالس مقامی انتخابات کی تیاریوں میں جٹ جائیں۔ انہوں نے تلنگانہ میں سنگٹھن کے احیاء اور اس کی سرگرمیوں کو وسعت دینے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت کی فلاحی اسکیمات کے فوائد سے عوام کو واقف کرایا جائے۔ میناکشی نٹراجن نے کہا کہ تلنگانہ حکومت فلاحی اسکیمات پر موثر انداز میں عمل کررہی ہے۔ انتخابی وعدوں کی تکمیل کو یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنگٹھن سے وابستہ قائدین اور کارکنوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ حکومت کی اسکیموں کی موثر انداز میں تشہیر کریں اور بنیادی سطح تک عمل آوری کو یقینی بنائیں۔ سنگٹھن کے ریاستی صدر آر سدیشور نے صدارت کی۔ اجلاس میں پنچایت راج سنگٹھن کے قومی صدر سنیل پنور اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ ضلعی صدور کے علاوہ ریاستی عاملہ کے عہدیداروں نے ریاست کی تازہ ترین سیاسی صورتحال پر تبصرہ کیا اور اپوزیشن کی مہم کا موثر جواب دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ 1