کتہ گوڑم میں اندراماں ہاوزنگ مکانات کا فتتاح، غریبوں کے ساتھ لنچ، کوئی گاؤں اندراماں مکانات سے محروم نہیں، جلسہ عام سے ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔ 3 ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بی آر ایس کو چیالنج کیا کہ مجالس مقامی کے انتخابات میں کانگریس سے زائد نشستیں حاصل کرکے دکھائیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اگر مجالس مقامی الیکشن میں بی آر ایس کو زائد نشستیں حاصل ہوتی ہیں تو وہ کے سی آر سے معذرت خواہی کے لئے تیار ہیں۔ چیف منسٹر نے آج بھدرادری کتہ گوڑم ضلع میں کئی ترقیاتی کاموں کا افتتاح انجام دیا۔ انہوں نے اندراماں ہاوزنگ کے تحت غریبوں کے لئے تعمیر کئے گئے مکانات کا افتتاح انجام دیا۔ اس موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے دعویٰ کیا کہ تلنگانہ میں کوئی بھی گاؤں ایسا نہیں جہاں اندراماں مکانات نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گاؤں میں ہنومان مندر بھلے ہی موجود نہ ہو لیکن کوئی بھی گاؤں اندراماں مکانات کے بغیر نہیں ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ غریبوں کے لئے مکانات کی تعمیر کے باوجود بی آر ایس کی جانب سے حکومت کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے بی آر ایس کو مسترد کرتے ہوئے قائدین کو گھروں تک محدود کردیا باوجود اس کے ان کے رویہ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ مجالس مقامی کے انتخابات میں عوام بی آر ایس کو سبق سکھائیں گے اور اس کے لئے انہیں تیار رہنا چاہئے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مجالس مقامی کے چناؤ میں بی آر ایس کو زائد نشستیں حاصل ہوتی ہیں تو وہ شخصی طور پر کے سی آر سے معذرت خواہی کریں گے۔ انہوں نے بی آر ایس کو چیالنج کیا کہ مجالس مقامی میں زائد نشستیں حاصل کرکے دکھائیں۔ ریاست میں 2004 سے 2014 تک کانگریس حکومت نے 22 لاکھ انداماں مکانات تعمیر کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کا آغاز کھمم ضلع کے پالونچا سے ہوا تھا۔ متحدہ کھمم ضلع کی عوام ہمیشہ کانگریس کے ساتھ رہے۔ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں کھمم ضلع کی ترقی کو فراموش کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ انداماں ہاوزنگ کے تحت ریاست میں 2.5 لاکھ مکانات کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ غریبوں کے چہرے پر خوشی دیکھتے ہوئے انہیں اطمینان ہے۔ چیف منسٹر نے وزیر امکنہ پی سرینواس ریڈی کی کاویشوں کو سراہا اور کہا کہ آئندہ ڈھائی برس میں مزید 4.5 لاکھ مکانات فراہم کئے جائیں گے۔ وائی ایس آر دور حکومت میں اندراماں مکانات الاٹ کئے گئے تھے درمیان میں 10 سال قحط جیسی صورتحال رہی۔ کانگریس حکومت آئندہ 10 برسوں میں ہر غریب کو اندراماں مکان فراہم کرے گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ انتخابات کے لئے یہ جلسہ عام منعقد نہیں کیا گیا بلکہ غریبوں کو مکانات کی فراہمی پر حکومت کو خوشی اور اطمینان ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ دھرانی قانون کی جگہ بھوبھارتی قانون متعارف کرتے ہوئے غریبوں کو اراضیات کی ملکیت حوالہ کی گئی ہے۔ کانگریس حکومت ہمیشہ غریبوں کے ساتھ رہی ہے اور اندرا گاندھی ہمیشہ غریبوں کے دلوں میں موجود رہیں گی۔ کانگریس حکومت نے نہ صرف راشن کارڈ فراہم کئے بلکہ باریک چاول مفت سربراہ کیا جارہا ہے۔ بی آر ایس دور حکومت میں صرف ایک خاندان کی بھلائی ہوئی جبکہ عوام کو نظرانداز کردیا گیا۔ چیف منسٹر نے واضح کیا کہ کے سی آر خاندان کے داخلی اختلافات سے حکومت کو کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ حکومت کی دلچسپی غریبوں کو راشن کارڈ کی فراہمی اور اندراماں مکانات کی تقسیم میں ہے۔ ریاست کے 100 اسمبلی حلقہ جات میں 20 ہزار کروڑ سے ینگ انڈین اینٹی گریٹیڈ اقامتی اسکولس قائم کئے جارہے ہیں۔ ہر اسمبلی حلقہ میں اینٹی گریٹیڈ ٹیکنالوجی سنٹر کا قیام حکومت کی ذمہ داری ہے۔ چیف منسٹر نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ ہنرمندی پر توجہ دیں۔ اس موقع پر ریاستی وزراء سرینواس ریڈی، وی سری ہری اور متحدہ کھمم ضلع کے عوامی نمائندے موجود تھے۔ چیف منسٹر نے اندراماں ہاوزنگ کے استفادہ کنندگان کے ساتھ لنچ کیا۔ 1