مجالس مقامی چناؤ میں 67 فیصد بی سی امیدواروں کی کامیابی

   

نظام آباد میں پانچ نشستوں پر مجلس کو کانگریس کے ہاتھوں شکست: مہیش کمار گوڑ

حیدرآباد ۔18 ۔ فروری (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کا کوئی متبادل نہیں ہے اور عوام کو فلاحی اور ترقیاتی کاموں کیلئے کانگریس حکومت پر مکمل اعتماد ہے۔ گاندھی بھون میں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے کل 19 فروری کو نئی دہلی میں دیگر ریاستوں کی پردیش کانگریس کمیٹیوں کو بھی مدعو کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاحال 11 ریاستوں کے قائدین کے ساتھ ہائی کمان کے اجلاس مکمل ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں پارٹی کے استحکام اور فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات کی فراہمی میں سنجیدہ ہے۔ کانگریس پارٹی بنیادی سطح پر مضبوط تنظیمی ڈھانچہ رکھتی ہے۔ مجالس مقامی کے انتخابات میں 67 فیصد بی سی وارڈ ممبرس منتخب ہوئے ہیں ۔ کانگریس پارٹی نے ایس سی ، ایس ٹی اور بی سی طبقات کو 87.5 فیصد ٹکٹ الاٹ کئے تھے۔ جیون ریڈی کی ناراضگی پر صدر پردیش کانگریس نے کہا کہ جیون ریڈی کو پارٹی کی ہدایات پر عمل کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت میں توسیع یا تبدیلی میں پردیش کانگریس کمیٹی کا کوئی رول نہیں رہے گا۔ کانگریس کو 94 میونسپلٹیز میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ نظام آباد میں کانگریس نے 5 نشستوں پر مجلس کے امیدواروں پر کامیابی حاصل کی۔ نظام آباد کی ترقی کو پیش نظر رکھتے ہوئے میئر کے عہدہ کیلئے مفاہمت کی گئی۔1