میناکشی نٹراجن اور ریونت ریڈی کی شمولیت
حیدرآباد ۔30 ۔ جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے مجالس مقامی کے انتخابات کیلئے 20 رکنی اسٹار کیمپینرس کی فہرست جاری کی ہے۔ تلنگانہ کے 7 میونسپل کارپوریشنوں اور 116 میونسپلٹیز میں کانگریس کی انتخابی مہم کے لئے اسٹار کیمپینرس کے ناموں کی تفصیلات اسٹیٹ الیکشن کمیشن کو روانہ کی گئیں ۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے اسٹیٹ الیکشن کمیشن کو واقف کرایا جس کے تحت الیکشن کمیشن انتخابی مہم کے موقع پر اسٹار کیمپینرس کی سرگرمیوں کی نگرانی کرسکتا ہے۔ اسٹار کیمپینرس نے اے آئی سی سی انچارج میناکشی نٹراجن ، چیف منسٹر ریونت ریڈی ، صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ اور ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا کے علاوہ تمام ریاستی وزراء کو شامل کیا گیا ۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے خصوصی مدعو ومشی چند ریڈی اور سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ کو بھی اسٹار کیمپینرس میں شامل کیا گیا ہے۔ وزراء میں محمد اظہرالدین ، وی سری ہری ، لکشمن کمار ، جی ویویک وینکٹ سوامی ، جوپلی کرشنا راؤ ، کونڈا سریکھا ، ٹی ناگیشور راؤ ، ڈی انوسویا سیتکا ، پونم پربھاکر ، وینکٹ ریڈی ، سریدھر بابو، اتم کمار ریڈی اور دامودر راج نرسمہا کو شامل کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی 3 فروری کو مریال گوڑہ سے کانگریس کی انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔ دورہ امریکہ سے واپسی کے فوری بعد چیف منسٹر کے انتخابی شیڈول کو قطعیت دی گئی ہے۔ متحدہ نلگنڈہ ضلع سے ریونت ریڈی کی انتخابی مہم کا آغاز ہوگا۔ 4 فروری کو کریم نگر کے جگتیال ، 5 فروری چیوڑلہ ، 6 فروری بھوپال پلی ، 7 فروری میدک اور 8 فروری نظام آباد میں عام جلسوں سے خطاب کریں گے۔1