20 ستمبر صدر جمہوریہ اور گورنر کے فیصلہ کا انتظار، چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ماہرین قانون سے مشاورت
حیدرآباد۔ 7 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت مجالس مقامی کے انتخابات کے انعقاد کے لئے ہائی کورٹ سے مہلت میں توسیع کی درخواست کرسکتی ہے۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے 30 ستمبر کی مہلت مقرر کرتے ہوئے مجالس مقامی کے انتخابات کی تکمیل کی ہدایت دی تھی۔ حکومت نے بی سی طبقات کو 42 فیصد تحفظات کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے تاہم تحفظات سے متعلق بلز صدر جمہوریہ اور ریاستی گورنر کے پاس زیر التواء ہیں۔ بلز کی منظوری میں تاخیر کو دیکھتے ہوئے تلنگانہ ہائی کورٹ سے حکومت رجوع ہونے کی تیاری کررہی ہے۔ ہائی کورٹ نے 25 جون کو اپنے فیصلے میں 30 ستمبر کی مہلت دی تھی۔ اب جبکہ مہلت کی تکمیل کے لئے محض چند ہفتے باقی ہیں اور صدر جمہوریہ اور گورنر کی جانب سے تحفظات بلز کی منظوری کے امکانات موہوم دکھائی دے رہے ہیں۔ ان حالات میں حکومت کے پاس ہائی کورٹ سے مہلت میں توسیع حاصل کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اس مسئلہ پر ایڈوکیٹ جنرل سدرشن ریڈی اور حکومت کے لا سکریٹری پاپی ریڈی سے مشاورت کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 20 ستمبر تک انتظار کیا جائے اگر راج بھون یا راشٹرپتی بھون سے بلز کی منظوری کے سلسلہ میں کوئی پیشرفت نہ ہو تو اس وقت ہائی کورٹ سے رجوع ہوکر مہلت میں توسیع کی درخواست کی جائے گی۔ ہائی کورٹ کو انتخابات میں تاخیر کی وجوہات سے واقف کرایا جائے گا۔ واضح رہے کہ جاریہ سال مارچ میں حکومت نے 42 فیصد تحفظات کی فراہمی کے لئے اسمبلی اور کونسل میں بلز کو منظوری دی تھی۔ ریاستی گورنر نے دونوں بلز صدر جمہوریہ کے پاس روانہ کردیئے ہیں جہاں گزشتہ 5 ماہ سے زیر التواء ہیں۔ تلنگانہ حکومت نے جولائی میں پنچایت راج قانون 2018 میں ترمیم کرتے ہوئے 50 فیصد تحفظات کی حد ختم کرنے کے لئے آرڈیننس کی اجرائی کا فیصلہ کیا۔ آرڈیننس کو گورنر نے صدر جمہوریہ کے پاس روانہ کردیا۔ ان حالات میں حکومت کے پاس کوئی چارہ نہیں تھا اور حالیہ مانسون سیشن میں پنچایت راج اور میونسپل ایکٹ میں ترمیم کرتے ہوئے تحفظات کی 50 فیصد کی حد کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ یہ بل بھی گورنر کے پاس زیر التواء ہے۔ بتایا جاتا ہیکہ قانونی ماہرین سے مشاورت کے بعد گورنر مذکورہ بل کو بھی صدر جمہوریہ کے پاس روانہ کردیں گے۔ اگر 20 ستمبر تک صورتحال غیر واضح رہتی ہے تو تلنگانہ حکومت ہائی کورٹ سے رجوع ہوکر 30 ستمبر کی مہلت میں توسیع کی درخواست کرے گی۔ 1