اتم کمار ریڈی کا الزام، حضور نگر میونسپلٹی میں کرپشن کی شکایت
حیدرآباد: صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے آج حضور نگر میونسپلٹی کے جنرل باڈی اجلاس میں شرکت کی۔ میونسپل کونسلرس نے بڑے پیمانہ پر کرپشن کی شکایت کی اور کہا کہ ترقیاتی کاموں میں شفافیت نہیں ہے اور عہدیدار من مانی فیصلے کر رہے ہیں۔ اجلاس میں کارپوریٹرس نے الزام عائد کیا کہ برسر اقتدار پارٹی سے تعلق رکھنے والے قائدین نے اہم اراضیات پر ناجائز قبضے کئے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے حضور نگر میں ترقیاتی پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل کا مطالبہ کیا اور کہا کہ وہ طویل عرصہ سے اس سلسلہ میں نمائندگی کر رہے ہیں۔ انہوں نے سڑکوں کی توسیع ، لائٹنگ سسٹم ، رنگ روڈ کی تعمیر ، 100 بستروں پر مشتمل سرکاری دواخانہ کے قیام اور گورنمنٹ ڈگری کالج کی منظوری کا مطالبہ کیا ۔ رکن اسمبلی کی حیثیت سے انہوں نے یہ منظوریاں حاصل کی تھیں جن پر عمل آوری باقی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ وہ بدعنوان عہدیداروں کے خلاف کارروائی کے سلسلہ میں ضلع کلکٹر سے نمائندگی کریں گے ۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس حکومت مجالس مقامی کو فنڈ سے محروم کر رہی ہے۔ کانگریس کے عوامی نمائندوں کو معمولی بہانہ بناکر معطل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برسر اقتدار پارٹی کی جانب سے کانگریس کے عوامی نمائندوں کو انحراف کی ترغیب دی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے مسائل پر کے سی آر حکومت کا موقف غیر واضح ہے۔ پارلیمنٹ میں مرکزی قوانین کی مخالفت کا ڈرامہ کیا گیا لیکن وزیراعظم سے ملاقات کے بعد کے سی آر کے موقف میں تبدیلی آچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی ملک بھر میں کسانوں کے حق میں جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی تائید میں منگل کو راج بھون کا گھیراؤ کیا جائے گا۔