مجالس مقامی کی مخلوعہ نشستوں پر انتخابات میں تاخیر

   

حکومت پر تلنگانہ ہائی کورٹ کی برہمی
حیدرآباد ۔28۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے ریاست کی مجالس مقامی اداروں میں مخلوعہ نشستوں کے انتخابات کے انعقاد میں تاخیر کے رویہ پر حکومت برہمی ظاہر کی ۔ مخلوعہ نشستوں پر عاجلانہ انتخابات کے لئے دائر کی گئی درخواست کی آج ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔ ایڈوکیٹ بھاسکر کی جانب سے داخل کی گئی اس درخواست کی سماعت چیف جسٹس کی زیر قیادت بنچ نے کی۔ ریاست بھر میں 220 سرپنچ ، 94 ایم پی ٹی سی ، 4 زیڈ پی ٹی سی اور 5364 وارڈ ممبرس کی جائیدادیں مخلوعہ ہیں جن پر عاجلانہ انتخابات کی درخواست کی گئی ۔ اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے ہائی کورٹ کو بتایا کہ اگر حکومت راضی ہو تو کمیشن انتخابات کیلئے تیار ہے۔ فریقین کی سماعت کے بعد چیف جسٹس نے حکومت سے سوال کیا کہ مخلوعہ نشستوں پر انتخابات کے انعقاد میں تاخیر کیوں کی جارہی ہے ۔ عدالت نے کہا کہ میعاد کی تکمیل کے ساتھ ہی انتخابات منعقد کئے جانے چاہئے ۔ عدالت نے حکومت سے سوال کیا کہ انتخابات کب تک منعقد کئے جائیں گے ، اس سلسلہ میں حکومت سے وضاحت طلب کرتے ہوئے آئندہ سماعت دو ہفتے بعد مقرر کی گئی۔
ویویکانند ریڈی قتل معاملہ کے ایک اہم ملزم کی
درخواست ضمانت پر سپریم کورٹ میں سماعت
حیدرآباد ۔28۔ جولائی (سیاست نیوز) سپریم کورٹ نے آج سابق وزیر وائی ایس ویویکانند ریڈی قتل معاملہ کے ملزم شیوا شنکر ریڈی کی جانب سے داخل کردہ ضمانت کی درخواست کی سماعت کی۔ جسٹس سی ٹی روی کمار اور جسٹس سنجیو کمار پر مشتمل بنچ نے کہا کہ اس معاملہ کے مزید 4 ملزمین کی ضمانت کی درخواستیں سپریم کورٹ کے دیگر بنچوں پر زیر التواء ہیں۔ عدالت کو بتایا گیا کہ چیف جسٹس کی ہدایت پر چار علحدہ درخواستوں کی دوسرے بنچ پر سماعت کی جارہی ہے۔ شیو شنکر ریڈی کے وکیل نے اس پر اعتراض کیا۔ انہوں نے زیر التواء دیگر درخواستوں کے علحدہ بنچ پر زیر التواء ہونے سے ضمانت میں رکاوٹ پر اعتراض کیا۔ شیو شنکر ریڈی کے وکیل کے رویہ پر عدالت نے اعتراض کیا جس پر انہوں نے فوری معذرت خواہی کرلی ۔ ڈیویژن بنچ نے کہا کہ دیگر بنچ پر موجود درخواستوں کی تفصیلات حاصل کرنے کے بعد وہ چیف جسٹس کی ہدایت کے مطابق سماعت کریں گے ۔