مجالس مقامی کے انتخابات ملتوی کئے جائیں

   

چیف منسٹر کو سیاستدانوں اور دانشوروں کا مکتوب
حیدرآباد۔ سیاسی اور سماجی شخصیتوں میں چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کو مکتوب روانہ کرکے کورونا میں شدت کے پیش نظر مجالس مقامی انتخابات ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ سابق رکن پارلیمنٹ کے وشویشور ریڈی، تلنگانہ جنا سمیتی سربراہ پروفیسر کودنڈا رام، ماہر تعلیم ڈاکٹر چکا رامیا ، پروفیسر پی ایل وشویشور راؤ، منیجنگ ایڈیٹر سیاست ظہیرالدین علی خاں، پروفیسر رما ملکوٹے اور سینئر جرنلسٹ رامچندرا مورتی نے مکتوب میں کہا کہ عوام کورونا کیسوں میں اضافہ سے خوفزدہ ہیں۔ ان حالات میں مجالس مقامی انتخابات منعقد کرنا غیر انسانی عمل ہے۔ حکومت سے کورونا پر قابو پانے کی بجائے انتخابات کے انعقاد سے وائرس کے پھیلاؤ میں مدد ملے گی۔ ناگرجنا ساگر کے ضمنی انتخاب کی مہم میں کئی افراد اور قائدین کورونا کا شکار ہوئے جن میں چیف منسٹر کے سی آر بھی شامل ہیں۔ مکتوب میں کہا گیا کہ عوام میں وائرس کے پھیلاؤ کو روکنا حکومت کی اہم ذمہ داری ہے۔ انتخابات کے انعقاد سے ہزاروں افراد کی زندگی خطرہ میں پڑ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کا حکومت کی کارکردگی پر کوئی راست اثر نہیں پڑے گا لہذا آئندہ چھ ماہ بعد انتخابات کے انعقاد میں کوئی نقصان نہیں ہے۔ ریاست میں کورونا کیسس میں روز افزوں اضافہ ہورہا ہے۔ مکتوب میں کہا گیا کہ ریاست میں کورونا ٹسٹ کیلئے کٹس کے علاوہ ادویات کی کمی ہے۔ آکسیجن اور وینٹی لیٹرس کی کمی کے نتیجہ میں اموات واقع ہورہی ہیں۔ حکومت کو چاہیئے کہ وہ ہیلت ایمرجنسی کا اعلان کرے۔ سیاستدانوں اور دانشوروں نے چیف منسٹر سے اپیل کی کہ مجالس مقامی کے انتخابات ملتوی کرنے کیلئے اسٹیٹ الیکشن کمیشن کو ہدایت دے۔