حیدرآباد۔ کانگریس پارٹی نے مجالس مقامی کے انتخابات کے التواء کیلئے ہائی کورٹ کے ڈیویژن بنچ سے رجوع ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ سابق وزیر محمد علی شبیر نے کل ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے کورونا کیسس میں اضافہ کے پس منظر میں مجالس مقامی کے انتخابات ملتوی کرنے کی اپیل کی تھی۔ سنگل جج نے حکومت اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کی تاہم حکم التواء سے انکار کردیا۔ عدالت نے الیکشن کمیشن اور حکومت سے موقف کی وضاحت طلب کی اور آئندہ سماعت 7 جون کو مقرر کی ہے۔ محمد علی شبیر کی وکیل ارچنا ریڈی نے کہا کہ ہائی کورٹ سنگل جج کے احکامات آج موصول ہوچکے ہیں اور یہ مسئلہ ڈیویژن بنچ سے رجوع کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب جبکہ نائیٹ کرفیو کا اعلان کیا گیا لہذا مجالس مقامی کے انتخابات کو ملتوی کرنے کیلئے ہائی کورٹ کو احکامات جاری کرنے چاہیئے۔