مجالس مقامی کے انتخابات میں سرکاری مشنری کا استعمال

   

Ferty9 Clinic

زرعی شعبہ میں سروے کے نام پر انتخابی مہم، پارٹی ترجمان نظام الدین کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 23۔ اپریل (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کے ترجمان سید نظام الدین نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر حکومت مجالس مقامی کے انتخابات میں سرکاری مشنری کو ٹی آر ایس کے حق میں استعمال کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے نظام الدین نے کہا کہ حکومت نے کراپ کالونیز کے سلسلہ میں سروے کے نام پر محکمہ زراعت اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں کو مواضعات کی سطح پر متحرک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سروے محض ایک دکھاوا ہے اور اصل مقصد سرکاری مشنری اور عہدیداروں کے ذریعہ ٹی آر ایس کی انتخابی مہم چلانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر سرکاری مشنری کے استعمال کے ذریعہ مجالس مقامی کے انتخابات میں ٹی آر ایس کی کامیابی کو یقینی بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری مداخلت کرتے ہوئے سروے کے کام کو روک دیں۔ اگر حکومت کسانوں کی بھلائی کے سلسلہ میں واقعی سنجیدہ ہے تو اسے ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی انتخابات کے بعد سروے کا اہتمام کرنا چاہئے ۔ نظام الدین نے کہا کہ محکمہ زراعت کا یہ سروے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے اور یہ کسانوں سے ہمدردی کے نام پر انتخابی حربہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2014 ء میں حکومت نے جو جامع سروے کیا تھا ، اس کی تفصیلات حکومت کے اپس موجود ہے جس کی بنیاد پر یہ طئے کرنا آسان ہے کہ دیہی علاقوں میں کونسے علاقے کراپ کالونیز کے لئے موزوں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات سے قبل چیف منسٹر نے زرعی قرضہ جات کی ایک مشت معافی کا اعلان کیا تھا لیکن چار ماہ گزرنے کے باوجود آج تک اس وعدہ پر عمل نہیں کیا گیا ۔ نظام الدین نے غیر موسمی بارش کے سبب فصلوں کی تباہی اور کسانوں کو ہوئے بھاری نقصانات کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں سے ہمدردی جتانے والی حکومت نے فصلوں کے نقصانات کی پابجائی اور کسانوں کو امداد فراہم کرنے پر کوئی توجہ نہیں دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر محض کسانوں کو خوش کرتے ہوئے مجالس مقامی کے انتخابات کیلئے کامیابی حاصل رکنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس دور حکومت میں خودکشی کرنے والے کسانوں کو کوئی معاوضہ نہیں دیا گیا ۔