پہلے مرحلے کیلئے نامزدگیوں کے ادخال کا آغاز ، 6مئی کو رائے دہی
حیدرآباد ۔ 22اپریل ( این ایس ایس ) تلنگانہ میں مجالس مقامی کے پہلے مرحلے کے انتخابات کیلئے ریاستی ایکشن کمیٹی نے آج اعلامیہ جاری کردیا ۔ ریاستی الیکشن کمشنر ناگی ریڈی نے 197 زیڈ پی ٹی سی اور 2166 ایم پی ٹی سی انتخابات کیلئے آج اعلامیہ جاری کیا ۔ 32اضلاع میں پہلے مرحلے کے انتخابات کیلئے اس انتخابی ادارہ کی طرف سے تمام ضروری انتظامات کئے گئے ہیں ۔ انتخابات کے پرسکون اور اطمینان بخش انداز میں انعقاد کیلئے اضلاع کے ریٹرننگ آفیسرس کو ہدایت کیگئی ہے ۔ اعلامیہ کی اجرائی کیساتھ ہی ٹی پی ٹی سی اور ایم پی ٹی سی کیلئے پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے ۔ امیدوار 24 اپریل تک نامزدگیاں داخل کرسکتے ہیں ،25اپریل کو تنقیح ہوگی ، 26 اپریل کو تبدیلیوں کیلئے اپیل کی جاسکتی ہے ۔ 27اپریل کو تبدیلیاں کی جائیں گی ، 28 اپریل تک نامزدگیوں سے دستبرداری اختیار کی جاسکتی ہے ۔ ناگی ریڈی 28اپریل کو امیدواروں کی قطعی فہرست کا اعلان کریں گے ۔ پہلے مرحلے کیلئے 6مئی کو ووٹ ڈالے جائیں گے ۔
