مجالس مقامی کے عوامی نمائندوں کے اعزازیہ میں اضافہ کیا جائے

   

حکومت سے کویتا کی اپیل، اسکیمات پر موثر عمل آوری میں عوامی نمائندوں کا اہم رول
حیدرآباد۔/5اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس رکن کونسل کے کویتا نے شہری علاقوں کی مجالس مقامی کے عوامی نمائندوں کے اعزازیہ میں اضافہ کی حکومت سے اپیل کی ہے۔ قانون ساز کونسل میں کویتا نے یہ مسئلہ پیش کیا اور کہا کہ جس طرح حکومت نے دیہی علاقوں کی مجالس مقامی کے نمائندوں کے اعزازیہ میں اضافہ کیا ہے اسی طرح چیف منسٹر کو شہری علاقوں کے بارے میں فیصلہ کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکیمات پر موثر عمل آوری میں اہم رول ادا کرنے والے 3618 کونسلرس، کارپوریٹرس، میونسپل صدورنشین اور میئرس کے ماہانہ اعزازیہ میں اضافہ کیا جانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں 142 شہری مجالس مقامی کے تحت ایک کروڑ 44 لاکھ کی آبادی ہے۔ حکومت نے مجالس مقامی کی ترقی کیلئے جاریہ سال 2622 کروڑ منظور کئے ہیں۔ کویتا نے کہا کہ شہری مجالس مقامی میں عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور صحت و صفائی کے انتظامات کیلئے زائد عملے کے علاوہ کچرے کی نکاسی کی گاڑیوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی سہولت کیلئے پبلک ٹائیلٹس مرکزی مقامات پر قائم کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل بجٹ میں 10 فیصد گرین بجٹ مختص کرتے ہوئے شجرکاری کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔ر