الیکشن کمیشن کے احکامات ، تین افراد کو سرٹیفکٹ حاصل کرنے کی اجازت
حیدرآباد: اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے تلنگانہ میں کورونا کیسیس کی تعداد میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے مجالس مقامی کے انتخابی نتائج کے بعد ریالیوں پر پابندی عائد کردی ہے ۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے اسمبلی انتخابات والی ریاستوں میں کامیابی کی ریالیوں پر پابندی کے بعد اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے مجالس مقامی کے لئے اسی طرح کا فیصلہ کیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے کھمم اور ورنگل کارپوریشنوں کے علاوہ 5 میونسپلٹیز کے انتخابات ملتوی کرنے کی حکومت کو سفارش کی تھی لیکن حکومت نے سفارش کو قبول نہیں کیا۔ 30 اپریل کو رائے دہی مقرر ہے۔ جبکہ 3 مئی کو ووٹوں کی گنتی اور نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ نتیجہ کے اعلان کے بعد کامیاب امیدواروں کی جانب سے ریالیوں اور جشن کے انعقاد پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ کامیاب امیدوار اپنے ساتھ محض دو افراد کو لے کر ریٹرننگ آفیسر سے سرٹیفکٹ حاصل کرسکتے ہیں۔ کورونا کیسیس میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے الیکشن کمیشن نے 48 گھنٹوں کے بجائے 72 گھنٹے قبل انتخابی مہم روکنے کی ہدایت دی تھی ۔