مجالس مقامی کے چناؤ میں دو بچوں کی شرط کو ختم کرنے آندھرا پردیش کابینہ کا فیصلہ

   

چندرا بابو نائیڈو کی صدارت میں اجلاس، نئی ایکسائیز پالیسی اور میڈیکل کالجس میں اضافی جائیدادوں کو منظوری
حیدرآباد۔/7 اگسٹ، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش کابینہ کا اجلاس چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کی صدارت میں منعقد ہوا۔ کابینہ نے کئی اہم فیصلے کئے جس میں عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل سے متعلق اسکیمات کے آغاز کا فیصلہ شامل ہے۔ کابینی اجلاس کے بعد ریاستی وزیر پارتھا سارتھی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سیکشن 22A کے تحت موجود اراضیات کے رجسٹریشن کو تین ماہ تک کیلئے موخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ اراضی مالکین کو QR کوڈ کے ساتھ پاس بک جاری کئے جاسکیں۔ ریاست میں یکم اکٹوبر سے نئی ایکسائیز پالیسی پر عمل آوری کا آغاز ہوگا۔ عوام کو کم قیمت پر معیاری شراب کی سربراہی کے اقدامات کئے جائیں گے۔ سرکاری اسکیمات میں جگن موہن ریڈی کی تصاویر کو ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کابینہ نے مجالس مقامی کے انتخابات میں حصہ لینے کی شرائط میں تبدیلی کی ہے۔ دو سے زائد بچے رکھنے والے افراد پر مجالس مقامی کے انتخابات میں حصہ لینے پر پابندی ہے۔ ریاستی کابینہ نے اس شرط کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں مسودہ بل کو کابینہ نے منظوری دی ہے۔ حکومت کی اسکیمات سے متعلق ویب سائیٹ پر جگن موہن ریڈی کے نام اور ان کی تصاویر کو حذف کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ جگن کی تصاویر اور مجسموں پر 700 کروڑ خرچ کئے گئے۔ کابینہ نے ماویسٹ تنظیموں پر پابندی میں مزید ایک سال کی توسیع کرتے ہوئے قرارداد منظور کی ہے۔ سابق حکومت کی ایکسائیز پالیسی کا جائزہ لیتے ہوئے موجودہ حکومت نے کئی اہم تبدیلیاں کی ہے۔ کسانوں کیلئے نئے پٹہ دار پاس بک کی اجرائی کو منظوری دی گئی۔ ایسے پٹہ دار پاس بک جن پر جگن کی تصاویر موجود ہیں انہیں ہٹانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ کابینہ کے اجلاس میں عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کیلئے بجٹ کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔ سرکاری میڈیکل کالجس میں تدریسی اسٹاف کی جائیدادوں پر اضافہ کو منظوری دی گئی ہے۔ نیشنل میڈیکل کمیشن کے قواعد کے مطابق وجیا نگرم، ایلور، مچھلی پٹنم اور نندیال میں 150 نشستوں کے ساتھ قائم کئے جانے والے نئے میڈیکل کالجس میں اضافی جائیدادوں کی منظوری کا فیصلہ کیا گیا۔ ان کالجس میں مزید 380 جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے۔ تعلیمی سال 2024-25 سے میڈیکل کالجس کی کارکردگی کا آغاز ہوگا۔ کابینہ نے جی او 40 منسوخ کردیا جس کے تحت نندیال میں گرام پنچایت کو الاٹ کردہ 280.74 ایکر اراضی منسوخ کردی گئی ہے۔1