حیدرآباد۔ 28 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں مجالس مقامی کے انتخابات کے ضمن میں اسٹیٹ الیکشن کمیشن کل 29 ستمبر کو شیڈول جاری کرسکتا ہے۔ اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے صبح 11 بجے پریس کانفرنس طلب کی ہے جس میں اسٹیٹ الیکشن کمشنر رانی کمودنی انتخابات کے سلسلہ میں اہم اعلان کریں گی۔ واضح رہے کہ حکومت نے جی او کی اجرائی کے ذریعہ مجالس مقامی میں پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات کی فراہمی کا عمل مکمل کرلیا ہے۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے مجالس مقامی کے انتخابات کے لئے حکومت کو 30 ستمبر کی مہلت دی تھی اور مہلت کے اختتام سے ایک دن قبل اسٹیٹ الیکشن کمیشن شیڈول جاری کرسکتا ہے۔ واضح رہے کہ بی سی تحفظات سے متعلق جی او کے خلاف تلنگانہ ہائی کورٹ میں درخواستیں داخل کی گئیں۔ عدالت نے خصوصی سماعت کے ذریعہ حکومت کو انتخابی عمل میں قطعی سماعت تک پیشرفت نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ ہائی کورٹ میں 8 اکتوبر کو سماعت مقرر ہے ایسے میں اسٹیٹ الیکشن کمشنر شیڈول کے اجرائی کے سلسلہ میں کیا فیصلہ کرے گا اس پر سیاسی جماعتوں کی نظریں ہیں۔ قانونی ماہرین کے مطابق الیکشن شیڈول کی اجرائی کے باوجود چناؤ کا انعقاد ہائی کورٹ کے فیصلہ کے تابع رہے گا۔ حکومت نے تحفظات سے متعلق جی او پر عمل آوری کی راہ میں کسی بھی رکاوٹ کی صورت میں پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم میں پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات کی حکمت عملی تیار کی ہے۔ ہائی کورٹ نے حکومت سے سوال کیا ہے کہ گورنر کے پاس تحفظات بلز کے زیر التواء ہونے پر حکومت کس طرح جی او جاری کرسکتی ہے۔ 1