مجاہد آزادی شیخ بخاری کی یادگار پر حکومت توجہ دے : وزیر احمد انصاری

   

نئی دہلی: ہندوستان کے آزاد ہونے کے 75سال کے موقع پر حکومت امرت مہوتسو منارہی ہے جب کہ دوسری ملک کی آزادی میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے مجاہدین آزادی کا کوئی نام لیوا نہیں ہے اور ان کی یادگاریں آج قابل رحم حالت میں ہے ان میں مجاہدآزادی شیخ بخاری بھی ہیں۔ یہ بات چھتیس گڑھ کے سابق ڈائرکٹر جنرل پولیس اور سماجی کارکن وزیر احمد انصاری نے کہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اَمر شہید شیخ بخاری کے نام سے منسوب جو روڈ ہے اس کی مرمت کی جائے اور ان کے نام سے چوک۔چوراہوں کا نام رکھاگیا ہے ۔اس کے علاوہ ان کے نام سے یونیورسٹی، اسٹیڈیم، آرمی /پولیس ریکروٹمنٹ سینٹر‘بنایا جائے ۔ حکومت نے ان کے گاؤں کو عصری گاؤں بنانے کی بات کہی تھی، ان کے گاؤں کو عصری گاؤں میں تبدیل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ شیخ بخاری کا مقبرہ خستہ حالی کا شکار ہے ۔مقبرہ کے چاروں طرف ایسے جنگل ہیں کہ یہاں جانے کی کسی کی ہمت نہیں ہوتی ہے ۔ اس کی صاف صفائی اور مرمت کی سخت ضرورت ہے ۔یہ بہت ہی افسوس کی بات ہے کہ جھارکھنڈ کے اتنے بڑے مجاہد آزادی جو اَمر شہید شیخ بخاری کے نام سے جانے جاتے ہیں، ان کے مقبرہ کی حالت دیکھ کر رنج ہوتا ہے ۔سرکار سے گزارش ہے کہ اس کی صاف صفائی اور مرمت کا کام کیا جائے ۔