مجبوراً غزہ چھوڑنے والے ہر فرد کواپنے گھر واپس آنے کا حق ہے: کملا ہیریس

   

واشنگٹن : امریکی نائب صدر کملا ہیریس نے جمعرات کو العربیہ کو خصوصی بیان دیتے ہوئے کہا کہ وہ بچوں اور معصوم شہریوں کو کھونے کے درد کو سمجھتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی شخص کسی حد تک درد محسوس کیے بغیر تصویروں کو نہیں دیکھ سکتا اور نہ ہی غزہ میں مصائب کی کہانیاں سن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی انتظامیہ انسانی بنیادوں پر جنگ بندی پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے تاکہ انسانی امداد کی آمد کو یقینی بنایا جا سکے اور شہریوں کیلئے محفوظ راستہ بنایا جاسکے۔ غزہ چھوڑنے پر مجبور ہونے والے لوگوں کو اپنے گھروں کو واپس جانے کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کو مسترد کردیا۔کملا ہیرس کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن مشرق وسطیٰ کیلئے روانگی سے قبل واشنگٹن میں اعلان کیا تھا کہ وہ اسرائیل کے دورہ کے دوران فلسطینی شہریوں کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات پر توجہ دیں گے۔انہوں نے کہا تھا کہ حالیہ دنوں میں ہم نے فلسطینی شہریوں کو اس تنازعہ کا مسلسل نقصان اٹھاتے ہوئے دیکھا ہے۔