یلاریڈی ۔3 جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) صحافت کا روشن ستارہ جو گل ہوگیا ۔ جناب مجتبیٰ حسین کے انتقال پر یلاریڈی کے مسلم حلقہ میں غم کی لہر دوڑ گئی ۔ ادب کی دنیا کا عظیم نقصان ہوا۔ یلاریڈی کے مسلمانوں نے تعزیت پیش کرتے ہوئے مرحوم کی بے لوث ادبی خدمات کو یاد کیا اور سراہا ۔ عمر کے آخری حصہ میں بھی انہوں نے اپنے قلم کو جنبش میں رکھا اور اپنی مزاحیہ و ادبی تحریروں سے صحافتی میدان میں اپنا الگ مقام رکھا جس سے اردو کو ایک نئی زندگی مل رہی تھی ۔ 2007ء میں حکومت کی جانب سے پدم شری کا اعزاز پانے والی ادبی شخصیت کے قلم کی دنیا میں انجام دیئے گئے کارنامہ رہتی دنیا تک یاد رکھے جائیں گے اور آنے والی نسلوں کیلئے مشعل راہ کا کام کریں گے ۔ تعزیتی پیش کرنے والوں میں جناب غلام شبیر علی ساگری، شیخ غیاث الدین ، اعجاز احمد مسرور ہاشمی ، محمد غوث علی خاموش ، خواجہ قطب الدین صابر گلشنی ، سید خلیل اللہ قادری ، حافظ محمد یونس ، شیخ محی الدین موظف ، محمد اکبر صدیقی موظف ، محمد لیاقت علی ہاشمی ، محمد جلال ، محمد مبین احمد ،محمد منظور احمد اور دوسرے شامل ہیں ۔
