حیدرآباد ۔ 21 اگست (سیاست نیوز) سائبرآباد پولیس کمشنر نے مجرمانہ اور غیرسماجی سرگرمیوں میں ملوث دو افراد کے خلاف انسداد غنڈہ گردی ایکٹ کے تحت کارروائی انجام دی۔ پولیس کے مطابق 19 سالہ ڈی دستگیری ساکن بورابنڈہ سائیٹ تھری اور 19 سالہ شیوا کمار ساکن بورابنڈہ کے خلاف کمشنر پولیس سائبرآباد نے پی ڈی ایکٹ نافذ کردیا۔ ان دونوں سارقوں کو کے پی ایچ پی پولیس نے ایک کارروائی کے دوران گرفتار کیا تھا اور انہیں جیل منتقل کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق دونوں ایک ساتھ مل کر رہزنی اور سرقہ کی وارداتیں انجام دیتے تھے۔ کے پی ایچ پی مادھاپور، بابو پلی اور نارسنگی کے حدود میں سرقہ کی وارداتیں انجام دی تھیں۔ یہ دونوں موٹر سیکل پر علاقہ میں گشت کرتے ہوئے راستہ چلنے والی خواتین کو نشانہ بنایا کرتے تھے۔ ان کے گلے سے طلائی چین کا سرقہ کرنے میں ماہر ہیں۔ اس کے علاوہ یہ دونوں مکانات میں بھی سرقہ کی وارداتیں انجام دیئے تھے۔ دستگیری 10 اور شیوا کمار 6 وارداتوں میں ملوث بتایا گیا ہے۔ پولیس کمشنر نے ان کی غیرسماجی سرگرمیوں کو دیکھتے ہوئے ان کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کردیا۔