مجرمانہ سازش کی ملزمہ، آئی پی ایس آفیسر کی بی جے پی میں شمولیت

   

سی آئی ڈی نے پچھلے سال بھارتی گھوش کے گھرسے 2.5کروڑ برآمد کیاتھا، سی آئی ڈی کی جانچ ہنوز جاری
نئی دہلی۔ 6 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال میں جبراً وصولی اور مجرمانہ سازش کی ملزمہ سابق آئی پی ایس افسر بھارتی گھوش نے بی جے پی کا دامن تھام لیا ہے۔ کبھی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کی قریبی رہیں گھوش پر ابھی تاوان کا ایک معاملہ بھی چل رہا ہے۔ انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق، گھوش جبراً وصولی اور مجرمانہ سازش کے معاملے کو لیکر سی آئی ڈی کی جانچ کے دائرے میں ہیں، جبکہ ان کے شوہر راجو حراست میں ہیں۔ مرکزی وزیر روی شنکر پرساد، بی جے پی جنرل سکریٹری کیلاش وجئے ورگیہ اور مکل رائے کی موجودگی میں بی جے پی میں شامل ہونے والی گھوش نے کہا کہ مغربی بنگال میں جمہوریت ختم ہو چکی ہے۔ ذرائع کے مطابق، بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد بھارتی گھوش آئندہ لوک سبھا انتخاب میں میدان میں اتر سکتی ہیں۔ ذرائع کے مطابق، گزشتہ سال فروری مہینے میں سی آئی ڈی نے گھوش کے گھر پرچھاپہ مارکر 2.5 کروڑ نقد بر آمد کیا تھا۔ تفتیش میں تعاون نہ کرنے پر جانچ ایجیسی نے گھوش کو ‘ موسٹ وانٹیڈ ‘ تک قرار دیا تھا۔بھارتی گھوش نے کہا کہ انہوں نے اپنی جائیداد کی پوری تفصیل دی تھی۔ جبکہ سی آئی ڈی نے بتایا تھا کہ بر آمد کئے گئے 2.5 کروڑ روپے کے بارے میں کہیں کوئی جانکاری نہیں دی گئی تھی۔ سی آئی ڈی نے کورٹ کے حکم پر غیر قانونی وصولی کے ایک معاملے میں بھارتی گھوش کے خلاف تفتیش شروع کی تھی۔ اس جانچ کے دوران ہی سی آئی ڈی کو بھارتی گھوش کے گھر سے 300 کروڑ روپے کی زمین خریدنے کے دستاویز ملے تھے۔ اسی سلسلے میں سی آئی ڈی بھارتی گھوش سے پوچھ تاچھ کرنا چاہتی تھی، لیکن جب ان کا کوئی پتہ نہیں لگا تو سی آئی ڈی نے ان کو موسٹ وانٹیڈ قرار دیا تھا۔ انڈین ایکسپریس کے ذریعے حاصل کی گئی ایک آڈیو کلپ میں، گھوش کو یہ کہتے ہوئے سنا گیا کہ وہ فرار نہیں ہیں اور جلدہی لوگوں کا سامنا کریں گی۔ انہوں نے کہا، ‘ میرا معاملہ ابھی عدالت میں زیر سماعت ہے۔ سپریم کورٹ نے مجھے گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا، اس لئے میں فرار نہیں ہوں۔ لوگ مجھے ایک فرار بتاکر میری امیج خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ‘رپورٹ کے مطابق، سی آئی ڈی نے گزشتہ سال فروری میں چندن ماجھی کے ذریعے درج جبراً وصولی اور مجرمانہ سازش کی شکایت کی بنیاد پر بھارتی گھوش کے خلاف معاملہ درج کیا تھا۔ سی آئی ڈی نے اپنی چارج شیٹ میں گھوش کے فلیٹوں پر چھاپے کی ایک سریز سے بھاری مقدار میں نقد اور سونے کے زیور بر آمد کرنے کا ذکر کیا تھا۔
بھارتی گھوش کا پارٹی میں استقبال کرتے ہوئے کیلاش وجئے ورگیہ نے ٹوئٹر پر لکھا، ‘ مغربی بنگال میں بی جے پی کی بڑھتی فیملی۔ سابق آئی پی ایس بھارتی گھوش جی کا بی جے پی فیملی میں استقبال ہے۔