مجرموں کو دی گئی سزاؤں کا فیصلہ منصفانہ ہے : خشوگی کے اہل خانہ

,

   

ریاض: ترکی میں قتل ہونے والے سعودی صحافی جمال خشوگی کے اہل خانہ نے فوجداری عدالت کی جانب سے مجرموں کو سنائی جانے والی سزاؤں کو ’’منصفانہ فیصلہ‘‘ قرار دیا ہے۔مقتول کے خاندان کے وکیل معتصم خشوگی نے عربی روزنامے ’’الشرق الاوسط‘‘ سے گفتگو میں کہا کہ “سزا یافتہ مجرموں کی جانب سے مرتکب جرائم بہت بڑے ہیں اور اس حوالے سے سنائی جانے والی مختلف سزائیں منصفانہ ہیں۔ یہ سزائیں اس عدالت کی جانب سے دی گئی ہیں جو شریعت کے مطابق فیصلے کرتی ہے”۔معتصم خشوگی کے نزدیک یہ فیصلہ ضرر پہنچانے والے ہر مجرم کے لیے دندان شکن ہے۔ ہم اہل خانہ کی حیثیت سے اس معاملے کے آغاز سے ہی اس بات پر راضی تھے کہ مقدمے کا فیصلہ اللہ کی شریعت اور اس کے احکامات کے مطابق ہو۔ اس وقت دنیا بھر میں کوئی عدالت یا ادارہ ایسا نہیں جو مملکت سعودی عرب کی عدالتوں کی طرح اللہ کی شریعت اور اس کے احکامات کو لاگو کرے۔معتصم نے مزید کہا کہ ’’ہم نے اپنا معاملہ اللہ کے سپرد اور پھر اپنے حکمرانوں کے حوالے کیا جنہوں نے امانت داری سے اس کو انجام تک پہنچایا اور اپنے وعدے کو پورا کیا۔ خشوگی کے اہل خانہ کے طور پر ہماری طرف سے اپنے حکمرانوں کے لیے بھرپور تشکر اور ہم انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں‘‘۔