مجرمین میں قانون کا خوف پیدا کرنا اولین ترجیح:یوگی

   

لکھنؤ: اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ہفتہ کو کہا کہ عوام الناس میں سیکورٹی کا جذبہ پیدا کرنا اور مجرمین میں قانون کا خوف پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور پولیس ریاست میں نظم ونسق کا راج قائم کرنے میں کامیاب رہی ہے ۔ ریزرو پولیس لائن میں منعقد پولیس اسمرتی دیوس پریڈ کی سلامی لینے کے بعد یوگی نے کہا کہ اپنی فرائض کی ادائیگی میں چھان نچھاور کرنے والے شہیدوں کے کنبے کے ساتھ حکومت ہر وقت تیار بیٹھی ہے اور ان کے فلاح کیلئے پوری سنجیدگی کے ساتھ سبھی ضروری قدم اٹھانے کیلئے ہمیشہ تیار رہے گی۔ پولیس نے کافی مشکل حالات میں بھی اپنے فرائض کو سب سے اوپر مان کر ریاست میں جرائم پر کنٹرول کیلئے نظم ونسق کو چست و درست رکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک نومبر2022 سے 30ستمبر 2023 کے درمیان فرائض کی ادائیگی کے دوران شہید پولیس اہلکار کے ساتھ سنٹرل آرمڈ فورس، دیگر ریاست کی فورسز،انڈین آرمی میں کام کرنے والے اور مستقل طور سے اترپردیش کے رہنے والے 140شہیدوں کے اہل خانہ کو38کروڑ 96 لاکھ روپئے کی مالی مدد دی گئی ہے ۔