مجرمین پر شکنجہ ہمارا نصب العین : ایس پی

   

کارڈن سرچ عوام کو ہراساں کرنے کیلئے نہیں، نرمل میں ششی دھر راجو کا بیان
نرمل۔/25 ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پولیس کارڈن سرچ عوام کو ہراساں کرنے کیلئے نہیں ہے بلکہ قبل از وقت حالات سے واقفیت حاصل کرنا اور اجنبی چہروں کی آمدورفت پر نظر رکھتے ہوئے عوام میں شعور بیدار کرنا ہے۔ آپ یہ بات اچھی طرح جان لیں کہ پولیس آپ کی دوست ہے اور مجرموں پر شکنجہ کسنا ہمارا نصب العین ہے۔ یہ بات آج دلاور پور مڈل کے موضع لولم میں کارڈن سرچ کے دوران ضلع ایس پی مسٹر ششی دھر راجو نے بتائی۔ واضح رہے کہ آج صبح کی اولین ساعتوں میں ضلع ایس پی کی راست نگرانی میں دلاور پور منڈل کے پولیس اسٹیشن حدود میں واقع موضع لولم میں بھاری تعداد میں پولیس نے کارڈن سرچ کیا جس میں دستاویزات کے بغیر 76 موٹر سیکلیں برآمد ہوئیں جبکہ تین آٹو رکشا، دس ہزار روپئے سے زائد شراب کو ضبط کیا گیا۔ ضلع ایس پی نے کہا کہ سارے نرمل ضلع میں سی سی کیمروں کی مدد سے پولیس تمام حالات پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے، کوئی بھی شخص غیر قانونی کام کرتے ہوئے فراری اختیار نہیں کرسکتا۔ بالخصوص ٹریفک کے مسئلہ پر ہولیس کی خصوصی ٹیمیں سارے ضلع میں متحرک ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو ہدایت دی کہ وہ تیزرفتار گاڑیوں سے احتیاط کریں کیونکہ حادثات کی اموات سے کئی گھر اُجڑ رہے ہیں۔ ساتھ ہی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو بھی کئی ایک مسائل سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔ اپنی اپنی گاڑیوں کے دستاویزات وقت پر تیار کرلیں اور گاڑیوں کا انشورنس کروائیں ورنہ بھاری جرمانے ادا کرنے ہوں گے ۔ بارہا چالانات سے لائسنس کی منسوخی بھی ممکن ہے۔ واضح رہے کہ ضلع ایس پی نے سڑک حادثات کی روک تھام کیلئے پولیس کی خصوصی پارٹیوں کو متحرک کیا ہے۔