حیدرآباد /9 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) جرائم کے انسداد کے علاوہ خاطیوں کو سزا دلانے میں کامیاب اقدامات ہی جرائم کی روک تھام کو یقینی بناتے ہیں ۔ رچہ کنڈہ پولیس نے مجرمین کو جلد اور سخت سزا دلانے کے اقدامات پر اپنی توجہ مرکوز کی ہے۔ اس سلسلہ میں آج ایل بی نگر علاقہ کے ایک فنکشن ہال میں سمینار منعقد ہوا ۔ کمشنر پولیس مہیش بھگوت نے اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا کو بتایا کہ گانجہ اور دیگر نشیلی اشیاء کی منتقلی اور فروخت کے دوران گرفتار مجرمین کو سزا دلانے کیلئے ضروری اقدامات پر اس سمینار کے ذریعہ پولیس عہدیداروں کو مفید مشورے دئے گئے ۔ اس سمینار میں ماہرین کی خدمات کو حاصل کی گئی تھی ۔ اکثر اوقات تحقیقات کے دوران ذرا سی غفلت مجرمین کو سخت سزا سے بچنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے ۔ مقام واردات ، شواہد کو اکٹھاکرنے اور رپورٹ تیار کرنے چارج شیٹ کی تیاری کے وقت درکار ضروری اقدامات اور موجودہ قوانین کی رہنمائی کی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ گانجہ اور این ڈی پی ایس ایکٹ کے دائرے کار کو لاگو کرتے وقت مجرمین کو بچنے کا موقع فراہم نہیں ہونا چاہئے ۔ کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مہیش بھگوت نے بتایا کہ جاریہ سال گانجہ اور نشیلی اشیاء کے خلاف 86 مقدمات درج کئے گئے اور 5500 کیلو گرام گانجہ 7 لیٹر حشش ائیل اور 400 کیلو او بی ایم ضبط کیا گیا ۔ جبکہ گرفتار مجرمین میں 31 کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ 4 سال کے مقابل جاریہ سال رچہ کنڈہ میں ریکوری کے تناسب میں اضافہ ہوا ہے ۔ اس سمینار میں آر رنگادھر سپرنٹنڈنٹ ڈائرکٹوریٹ آف ریونیو انٹلی جنس مسٹر کے راجی ریڈی ایڈیشنل پی پی ایم ایس جے کورٹ ایل بی نگر کوٹ نے اپنے مفید مشورے پیش کئے ۔ ع