حیدرآباد ۔ یکم ڈسمبر ( پی ٹی آئی) تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے خاتون ویٹرنری ڈاکٹر کی بہیمانہ اجتماعی عصمت ریزی اور قتل کے تناظر میں وزیراعظم نریندر مودی سے اتوار کو درخواست کی کہ خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم میں ملوث خاطیوں کو سزائے موت دینے کے لئے ہندوستانی تعزیری قانون اور فوج داری ضابطہ میں ضروری ترمیم کی جائے ۔ ٹی آر ایس سربراہ اور چیف منسٹر کے چندرشیکھرراو کے فرزند کے ٹی راما راؤ نے سلسلہ وار ٹوئیٹس میں اپنے اس نقطہ کی پرزور وکالت کرتے ہوئے کہا کہ خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم جیسے وحشیانہ عمل کا ارتکاب کرنے والوں کو جلد سے جلدسزا دیتے ہوئے متاثرین سے انصاف کرنا ضروری ہے اس مقصد کیلئے ایسے مجرمین کو بلاتاخیر سزائے موت دی جانی چاہئے۔