سلام نہ کرنے کا بہانہ ۔ پولیس میںشکایت درج ۔ مقدمہ درج کرلیا گیا
حیدرآباد : /12 ڈسمبر (سیاست نیوز) سلام نہ کرنے پر ایک مجلسی رکن اسمبلی نے مقامی نوجوان کو مبینہ طور پر تھپڑ رسید کردئے ۔ اس سلسلہ میں پولیس نے تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پنچ محلہ ، چارمینار کے ساکن غلام غوث جیلانی ہفتہ کی شب مکان کے قریب اپنے بھائی ابراہیم کے ساتھ بیٹھے تھے کہ وہاں سے ایک سیاہ رنگ کی انووا گاڑی گزری ۔ کچھ ہی دیر میں مجلس کے چارمینار رکن اسمبلی ممتاز احمد خان جو اسی علاقہ میں مقیم ہیں وہاں پہونچے اور مذکورہ نوجوان سے سلام نہ کرنے کی وجہ دریافت کی ۔ غلام غوث جیلانی نے رکن اسمبلی کو کہا کہ اس نے ان کی گاڑی نہیں دیکھی ۔ اسی دوران ممتاز احمد خان نے اچانک اس نوجوان کو زدوکوب کرنا شروع کردیا اور 10 تا 15 طمانچے رسید کئے ۔ اتنا ہی نہیں رکن اسمبلی یہ کہہ کر مبینہ طور پر دھمکایا کہ وہ گزشتہ 25 سال سے ایم ایل اے ہیں اور ان کا کوئی کچھ بگاڑ نہیں سکتا ۔ عوامی نمائندے کے اس رویہ کے خلاف نوجوان نے حسینی علم پولیس سے ایک تحریری شکایت درج کروائی اور مقدمہ درج کرنے کی گزارش کی ۔ حملہ کے کچھ ہی دیر بعد علاقہ کے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ ریکارڈ کئے گئے فوٹیج جس میں رکن اسمبلی نوجوان کو تھپڑ رسید کرتا ہوا دکھائی دیا سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگیا ۔ پولیس حسینی علم نے تحقیقات کا آغاز کردیا اور تعزیرات ہند کے دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ درخواست گزار غلام غوث جیلانی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایل اے کے بھتیجہ نے بھی گولی ماردینے کی دھمکی دی ہے اور بتایا کہ سابق میں بھی رکن اسمبلی کے بیٹے سے جھگڑا ہوا تھا اور بیجا عوام پر ظلم کیا جارہا ہے ۔ انسپکٹر حسینی علم جی نریش کمار نے کہا کہ رکن اسمبلی کے خلاف شکایت موصول ہوئی اور تعزیرات ہند کے دفعات 341,323 اور 506 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ۔ ب