مجلسی فلور لیڈر اکبر الدین اویسی کے خلاف مقدمہ درج

,

   

حیدرآباد: مجلس اتحاد المسلمین کے رکن اسمبلی و پارٹی فلور لیڈر مسٹر اکبر الدین اویسی کے خلاف کورٹ نے مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔ اس سے قبل کریم نگر پولیس کمشنر نے مسٹر اویسی کو کلین چٹ دے دی تھی۔ کاراون نیوز رپورٹ کے مطابق پولیس کمشنر کے اس حکم سے ناخوش ایڈوکیٹ بی مہندر ریڈی نے مقامی عدالت میں پٹیشن داخل کیا۔ انہو ں نے اپنے پٹیشن میں کورٹ سے مطالبہ کیا کہ وہ اکبر اویسی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے احکام جاری کرے۔

فاضل جج مجسٹریٹ مس پی سائی سدھا نے کریم نگر پولیس کو احکام جاری کئے ہیں کہ وہ رکن اسمبلی اکبر اویسی پر فرقہ وارانہ بیان پر مقدمہ درج کریں۔ واضح رہے کہ 24جولائی کو مسٹر اویسی نے کریم نگر ضلع میں ایک جلسہ سے خطاب کیا تھا۔ بعد زاں مقامی بی جے پی لیڈرس نے ا ن کے بیان کے خلاف دھرنا دیا اور رکن اسمبلی کے خلاف کیس درج کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

بعد ازاں پولیس کمشنر کریم نگر نے رکن اسمبلی کی پوری تقریر کو سماعت کرنے کے بعد کہا کہ ان کی تقریر میں کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کی کوئی ایسی بات نہیں لہذا انہیں اس معاملہ میں کلین چٹ دی جارہی ہے۔