چاڈا وینکٹ ریڈی اور فلم اسٹار وجئے شانتی کا ردعمل، چیف منسٹر سے وضاحت کا مطالبہ
حیدرآباد۔/27 جولائی، ( سیاست نیوز) سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے بی جے پی اور مجلس کی جانب سے اشتعال انگیز بیانات کے ذریعہ فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دینے کا الزام عائد کیا۔ چاڈا وینکٹ ریڈی نے اپنے بیان میں کریم نگر میں مجلس کے رکن اسمبلی اکبر اویسی کی تقریر کی سخت مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جانب سے اس طرح کی فرقہ وارانہ تقریر باعث حیرت ہے۔ یہ انتہائی زہریلی تقریر ہے جو فرقہ وارانہ کشیدگی کا باعث بن سکتی ہے۔ تلنگانہ اور قومی سطح پر صورتحال پہلے ہی خراب ہے ان حالات میں سیکولر طاقتوں کو متحد ہوکر اس طرح کی فرقہ واریت کا مقابلہ کرنا چاہیئے۔ چاڈا وینکٹ ریڈی نے اکبر اویسی سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے بیان سے دستبرداری اختیار کرتے ہوئے عوام سے معذرت خواہی کریں ۔ ان کے بیان سے مجلس کا حقیقی چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے۔ سی پی آئی سکریٹری نے اکبر اویسی کے بیان کی مذمت کے نام پر بی جے پی قائدین کے اشتعال انگیز بیانات کی مذمت کی اور کہا کہ مجلس اور بی جے پی دونوں اپنے سیاسی مقاصد کی تکمیل کیلئے تلنگانہ کی صورتحال کو فرقہ وارانہ رنگ دینا چاہتے ہیں۔ عوام کو ان طاقتوں سے چوکس رہتے ہوئے اس خطرناک کھیل کو شکست دینا چاہیئے۔ اسی دوران کانگریس کی سینئر قائد اور فلم اسٹار وجئے شانتی نے اکبر اویسی کے بیان کی مذمت کی۔ انہوں نے سوشیل میڈیا پر تبصرہ کرتے ہوئے 15 منٹ سے متعلق بیان کی مذمت کی اور کہا کہ اس طرح کے بیانات سے فرقہ وارانہ کشیدگی میں اضافہ ہوتا ہے۔ عوام کے درمیان نفرت پیدا کرنے کیلئے اس طرح کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ تلنگانہ کے پُرامن ماحول کا تحفظ کرنا چیف منسٹر کی ذمہ داری ہے۔ لہذا انہیں اکبر اویسی کے بیان پر ردعمل ظاہر کرنا چاہیئے۔
