مجلس اپنی تمام سات نشستوں پر دوبارہ کامیاب ۔ یاقوت پورہ و نامپلی میں کانٹے کی ٹکر

   

اکبر الدین اویسی کو 81 ہزار 660 ووٹوں کی اکثریت ۔ یاقوت پورہ میں 878 اور نامپلی میں 1248 ووٹوں سے کامیابی ‘ دارالسلام میںجشن

حیدرآباد 3 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی انتخابات نتائج نے مجلسی حلقوں میں خوشیاں برقرار رکھی ہیں اور مجلس اتحاد المسلمین نے اپنی تمام 7 نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی۔ حلقہ جات اسمبلی چارمینار ‘ چندرائن گٹہ ‘ یاقوت پورہ ‘ نامپلی ‘ بہادر پورہ‘ کاروان اور ملک پیٹ سے مجلسی امیدواروں نے کامیابی درج کی ہے اور اپنی نشستوں کو برقرار رکھا ہے ۔ اس کامیابی پر مجلس کے صدر دفتر دارالسلام میں جشن کا ماحول دیکھا گیا ۔ مجلس کے امیدواروں میں سب سے پہلے جناب میرذولفقار علی سابق مئیر کے نتیجہ کا اعلان کیا گیا ۔ انہو ںنے 49ہزار103 ووٹ حاصل کئے اور اپنی قریبی حریف بی جے پی امیدوارہ میگھا رانی اگروال کو 22ہزار853 ووٹوں سے شکست دے دی۔ حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ سے جناب اکبر الدین اویسی نے 99 ہزار 776 ووٹ حاصل کرکے اپنے قریبی حریف بی آر ایس امیدوار ایم سیتا رام ریڈی کو 81 ہزار 660 ووٹ سے شکست دی ۔ حلقہ اسمبلی کاروان سے جناب کوثر محی الدین نے 76ہزار 942 ووٹ حاصل کئے اور اپنے قریبی حریف بی جے پی امیدوار امر سنگھ کو 35ہزار919 ووٹوں سے شکست دینے میں کامیاب رہے۔حلقہ اسمبلی ملک پیٹ سے جناب احمد بن عبداللہ بلعلہ نے 55ہزار805 ووٹ حاصل کئے اور اپنے قریبی حریف کانگریس امیدوار جناب شیخ اکبر کو 26ہزار106 ووٹوں سے شکست دی جبکہ جناب شیخ اکبر کو جملہ 29ہزار699 ووٹ حاصل ہوئے ۔مجلسی امیدوار جناب ماجد حسین نے حلقہ اسمبلی نامپلی سے 1248 ووٹوں سے کانگریس امیدوار جناب محمد فیروز خان کو شکست دی اور جملہ 47ہزار637 ووٹ حاصل کئے اور ان کے حریف کانگریس امیدوار جناب فیروز خان نے جملہ 46ہزار389 ووٹ حاصل کئے ۔ حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ سے جناب جعفر حسین نے 878 ووٹ سے اپنے قریبی حریف جناب محمد امجد اللہ خان خالد امیدوار مجلس بچاؤ تحریک کو کانٹے کی ٹکر کے بعد شکست دی اور انہوںنے جملہ 46ہزار 156 ووٹ حاصل کئے جبکہ جناب امجد اللہ خان خالد کو 45ہزار275 ووٹ حاصل ہوئے ہیں۔حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ اور نامپلی کی رائے شماری کے دوران لمحۂ آخر تک تجسس برقرار رہا ۔ مجلس اتحاد المسلمین نے جملہ 9 امیدوار میدان میں اتارے تھے جن میں 7 کی کامیابی ہوئی اور 2امیدوار حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز اور حلقہ اسمبلی راجندر نگر سے ناکام ہوئے ۔