جڑچرلہ۔ جڑچرلہ میں 30 اپریل جمعہ کو منعقد ہوئے مجلس بلدیہ کے 27کونسلرس کیلئے رائے دہی پُرامن طور پر ہوئی ہے۔ جڑچرلہ مجلس بلدیہ میں جملہ 41515 ووٹرس ہیں جس میں مرد حضرات 20765 اور خواتین 20749 ہیں ۔ رائے دہی جڑچرلہ میں 66.6 فیصد رہی۔ جس میں 19491 ووٹرس نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ اس طرح سے صبح کی اولین ساعتوں 7 بجے سے ہی عوام شدت کی دھوپ رہنے کی وجہ سے اپنے ووٹ کا استعمال کرتے ہوئے لمبی قطاروں میں سوشیل ڈسٹینس کا خیال رکھتے ہوئے دکھائی دے رہے تھے۔ ضلع محبوب اسپیشل کلکٹر و ریٹرننگ آفیسر تیجس نندلال پوار کے علاوہ ضلع کلکٹر وینکٹ راؤ محبوب نگر ضلع ایس پی وینکٹیشورلو نے تمام پولنگ مراکز کا معائنہ کرتے ہوئے الیکشن کے ذمہ دار عہدیداروں سے تفصیلات حاصل کی اور کورونا وائرس کے پیش نظر ہر پولنگ سنٹر پر محکمہ صحت و پولیس کی جانب سے معقول بندوبست کرتے ہوئے جڑچرلہ میں 144 سیکشن پر سختی سے عمل آوری کی اور کورونا وائرس کی روک تھام کرنے کیلئے صرف ماسک رکھنے والے افراد کو ہی ووٹ استعمال کرنے کی اجازت دی گئی اور ہر پولنگ سنٹرس میں پہلے باب الداخلہ پر محکمہ صحت کی جانب سے آشا ورکرس نے سنیٹائزرس کا آنے والے ووٹروں کے ہاتھوں میں ڈال کر استقبال کیا۔ بعد ازاں جڑچرلہ کے رکن اسمبلی و سابق وزیر صحت ڈاکٹر سی لکشما ریڈی نے اپنی اپلیہ شریمتی شویتا لکشما ریڈی، فرزند سراون ریڈی کے ہمراہ ضلع پریشد ہائی اسکول بادے پلی کے وارڈ نمبر 24 پر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔
