ٹی آر ایس میں ناراض سرگرمیاں نہیں، مجھے وزیر کی حیثیت سے مکمل آزادی: سرینواس یادو
حیدرآباد۔/14 ستمبر، ( سیاست نیوز) وزیر انیمل ہسبنڈری ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ باہر کا ماحول ٹھیک نہیں ہے لہذا وہ سیاسی صورتحال پر کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔ اسمبلی کی لابی میں میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے سرینواس یادو نے ٹی آر ایس کے اندرونی اُمور پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات مقررہ پروگرام کے مطابق ہوں گے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ ٹی آر ایس کو گزشتہ کے مقابلہ مزید 2 زائد نشستوں پر کامیابی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کنٹونمنٹ کے انتخابات میں ٹی آر ایس پارٹی شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوںنے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی تقسیم کی کوئی تجویز یا یہ مسئلہ حکومت کے زیر غور نہیں ہے۔ جی ایچ ایم سی موجودہ حالت میں برقرار رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی تلنگانہ میں جس قدر مظاہرہ کررہی ہے حقیقت میں وہ سچائی نہیں اور بی جے پی کے لئے تلنگانہ میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس میں کوئی ناراض نہیں ہے صرف میڈیا اس قسم کی خبریں شائع کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر میڈیا کو کسی ناراض قائد کے بارے میں اطلاع ہے تو ان سے ہی استفسار کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح تلگودیشم میں انہیں وزیر کی حیثیت سے آزادی تھی اسی طرح ٹی آر ایس میں بھی حاصل ہے۔ انہوں نے آندھرا پردیش کی سیاست پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا اور کہاکہ آندھرا پردیش کی سیاست کے بارے میں کہنے کچھ نہیں ہے ان کا کام وہ کررہے ہیں۔ ہر معاملہ میں جس طرح چندرا بابو نائیڈو ٹنشن میں آتے ہیں اس طرح کا ماحول تلنگانہ میں نہیں ہے۔