بہار میں دئے گئے بیان پر سیاسی ہلچل ۔ کانگریس کے قومی قائدین کی بیان کو تائید کا ادعا
حیدرآباد۔2۔نومبر۔(سیاست نیوز) مشیر حکومت تلنگانہ برائے ایس سی ‘ ایس ٹی ‘ بی سی و اقلیت جناب محمد علی شبیر کے بہار انتخابات میں مہم کے دوران بیان نے تلنگانہ کی سیاست میں ہلچل پیدا کردی ہے ۔ جوبلی ہلزضمنی انتخابات میں کانگریس امید وار نوین یادو کی حمایتی مجلس کو بہار انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے محمد علی شبیر نے ’بی جے پی کی ’بی ‘ ٹیم‘ اور ’ووٹ کٹوا‘ قرار دیا اور ان کے بیان کی میڈیا میں خوب تشہیر ہونے لگی ہے۔ ریونت ریڈی نے کل جوبلی ہلز ضمنی انتخابات میں انتخابی مہم میں کانگریس امیدوار کو مجلس کی تائید کے علاوہ بیرسٹر اسد اویسی سے اپنی دوستی اور قرابت کا تذکرہ کرکے جوبلی ہلز کے مسلم ووٹرس سے اپیل کی تھی کہ وہ کانگریس کو کامیاب بنائیں لیکن بہار میں حکومت کے مشیر کے بیان کے بعد میڈیا میں کانگریس۔مجلس تعلقات کو مضحکہ خیز قرار دیا جانے لگا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ محمد علی شبیر نے حلقہ کشن گنج میں جہاں سے صوبائی مجلس صدر اخترالایمان مقابلہ کر رہے ہیں ان کے خلاف کانگریس امیدوار جناب قمرالہدیٰ انتخابی میدان میں ہیں کیلئے انتخابی مہم میں حصہ لے کر مجلس پر سیکولر ووٹوں کی تقسیم کا الزام عائد کیا جبکہ جوبلی ہلز میں مجلسی اسمبلی جناب کوثر محی الدین ‘ اراکین کونسل و دیگر قائدین کانگریس کیلئے انتخابی مہم چلاکر ووٹرس سے ملاقات کرکے نوین یادو کو کامیاب بنانے کی اپیل کر رہے ہیں۔ جناب محمد علی شبیر کے بیان کے بعد حلقہ جوبلی ہلز کے ضمنی انتخابات میں مجلس کا موقف کیا ہوگا یہ اہمیت کا حامل ہوگا کیونکہ بہار میں صدر مجلس بہار کے خلاف مہم میں جناب محمد علی شبیر نے مجلس پر یہ الزامات عائد کئے ہیں۔ سیاسی ماہرین کا کہناہے کہ جناب محمد علی شبیر کا یہ بیان ریاستی حکومت سے ان کی ناراضگی کو ظاہر کرتا ہے جبکہ بعض قائدین کہہ رہے ہیں کہ جوبلی ہلز ضمنی انتخابات میں مجلس سے اتحاد کیلئے اختیار کردہ موقف چیف منسٹر ریونت ریڈی کا ہے جبکہ بہار میں کانگریس مجلس کو’مہاگٹھ بندھن ‘ میں شامل کرنے سے آر جے ڈی کو روکنے میں کلیدی کردار ادا کرکے مجلس کے متعلق اپنے موقف پراٹل رہی۔ محمد علی شبیر کے بیان کو کانگریس کے قومی قائدین کی تائید حاصل ہونے لگی ہے جبکہ ریاستی حکومت کو اس بیان سے پشیمانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے کیونکہ کئی انگریزی اخبارات نے اس خبر کو ’بہار میں حریف تلنگانہ میں حلیف ‘ کے طور پر کانگریس ۔مجلس کو پیش کیاہے۔3
اے پی : آج سے دھان کی خریدی
حیدرآباد 2 نومبر (یو این آئی) آندھرا پردیش کے وزیر سیول سپلائیز این منوہر نے اعلان کیا کہ ریاست میں دھان کی خریداری 3 نومبر سے شروع ہوگی ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ کسان اپنے تفصیلات واٹس ایپ نمبر 73373 59375 پر”ہائے “مسیج بھیج کر رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔