مجلس جھار کھنڈ اسمبلی چناؤ میں 35 نشستوں پر مقابلہ کرے گی

   

ریاستی صدر شاکر علی کا اعلان، سیاسی حلقوں میں ووٹ کی تقسیم کا اندیشہ
حیدرآباد۔/9 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ملک کی دیگر ریاستوں میں انتخابات میں حصہ لینے کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے مجلس اتحادالمسلمین نے جھارکھنڈ کے مجوزہ اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ مجلس کے جھارکھنڈ یونٹ کے صدر محمد شاکر علی نے پارٹی ورکرس کے اجلاس میں اعلان کیا کہ مجلس جھارکھنڈ اسمبلی کی 35 نشستوں پر مقابلہ کا منصوبہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی چناؤ کے امیدواروں کے انتخاب کیلئے پارٹی میں ذہن سازی جاری ہے۔ محمد شاکر علی نے کہا کہ جھارکھنڈ کے موجودہ عوامی نمائندے قبائل اور اقلیتی برادری میں غلامانہ ذہنیت کو فروغ دے رہے ہیں۔ شاکر علی نے کہا کہ بعض گوشوں کی جانب سے یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ بی جے پی برسراقتدار آنے پر اقلیتوں سے متعلق تمام فلاحی اسکیمات ختم کردی جائیں گی اور اقلیتوں کو معاشی اور سماجی طور پر پسماندگی کا شکار بنایا جائے گا۔ شاکر علی نے کہا کہ بی جے پی برسراقتدار آنے کی صورت میں اسکیمات سے محرومی کے اندیشے غیرضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر کسی کو اپنا حق مانگنے کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے اقلیتوں کو تعلیمی ترقی پر توجہ دینے کا مشورہ دیا۔ واضح رہے کہ مجلس نے اُتر پردیش، بہار، راجستھان اور مہاراشٹرا کے اسمبلی انتخابات میں حصہ لیا تھا اور مبصرین کے مطابق مجلس کے مقابلہ کی صورت میں مسلم ووٹ کی تقسیم سے تیسرے فریق کو فائدہ کا اندیشہ ہمیشہ برقرار رہے گا۔1